ترکی احتیاطی تدابیر کے ساتھ 31 اگست سے اسکول کھول دے گا

0 450

ترکی ‏2020-2021ء کے تعلیمی سال کا آغاز 31 اگست سے کر دے گا، جس میں ابتدائی طور پر فاصلے کے ساتھ تمام احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں گی۔ وزیر تعلیم ضیاء سلجوق نے کہا ہے کہ کلاس رومز میں واپسی کے لیے 21 ستمبر کی تاریخ طے کی گئی ہے۔

وزیر تعلیم نے ترکی کے سائنس بورڈ کے اجلاس کے بعد ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ "COVID-19 کی وباء کے حوالے سے اسکولوں میں تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں اور یہ فیصلہ وزارت صحت کے مشورے سے کیا گیا ہے۔”

ضیاء سلجوق نے مزید کہا کہ نجی تعلیمی ادارے 17 اگست سے تعلیم شروع کر سکیں گے۔ "طلبہ اور والدین کی صحت کی بھی نگرانی کی جائے گی۔”

وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ ملک بھر میں اسکول کیمپسز کے جائزے کے لیے 2,000 سے زیادہ افراد کی ٹیم تیار کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ سائنٹیفک کمیٹی کے حکومت کو دیے گئے مشورے کی بنیاد پر کیا گیا ہے، جو بدھ کو دیا گیا تھا۔

ترکی میں اسکول اور جامعات مارچ میں بند کی گئی تھیں جب حکام نے وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے عوامی مقامات بند کر دیے تھے۔

پچھلے مہینے وزارت تعلیم نے وزارت صنعت و پیداوار کے ساتھ تعاون کا ایک معاہدہ کیا تھا جس کے مطابق اسکولوں میں احتیاطی تدابیر کی ایک وسیع فہرست تیار کی گئی تھی۔

وزارت تعلیم کے ساتھ ساتھ وزارت صحت نے بھی اقدامات کی ایک فہرست کا اعلان کیا تھا۔

اب تعلیمی اداروں میں داخل ہوتے ہوئے طلبہ کا درجہ حرارت چیک کیا جائے گا اور انہیں ایک، ایک کرکے داخل ہونے کی ہی اجازت دی جائے گی، تاکہ رش نہ لگے۔ کیمپس میں موجود ہر فرد کے لیے ماسک پہننا ضروری ہے اور اگر کسی کے پاس ماسک نہیں ہے تو اسکول فراہم کرے گا۔ کنڈرگارٹن اور ایلیمنٹری اسکولوں کے اساتذہ کے لیے فیس شیلڈ پہننا لازمی ہوگا۔ اسکول بس میں بھی ماسک پہننے کی پابندی لازمی ہوگی۔مہمانوں کو عمارت میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی، الّا یہ کہ کوئی ہنگامی صورت حال پیدا ہو جائے۔ عملہ میٹنگ رومز میں میل ملاقات سے بچنے کے لیے بذریعہ ٹیلی کانفرنس میٹنگز کریں گے۔

کلاس رومز میں طلبہ کی ڈیسک 1 میٹر (3.28 فٹ) کے فاصلے پر ہوں گی، جبکہ اسکول میں عموماً 4 مربع میٹر میں صرف ایک شخص کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے گا۔

کیفے ٹیریاز میں میزیں فاصلےسے رکھی جائیں گی اور طلبہ مختلف اوقات میں کیفے ٹیریا جائیں گے۔ ان کے لیے داخل ہونے سے پہلے اور نکلتے ہوئے اپنے ہاتھوں کو صاف کرنا لازمی ہوگا۔ کھانے پینے کی چیزیں ڈسپوزیبل پلیٹوں اور کپوں میں دی جائیں گی۔

تبصرے
Loading...