ترکی نے چائے خانے، تھیٹر، جم وغیرہ جیسے عوامی مقامات بندکر دیے

0 291

ترکی کی وزارتِ داخلہ نے ملک بھر میں تمام چائے خانے، تھیٹر، جم اور دیگر ایسے ہی عوامی مقامات کو بند کرنے کا حکم دے دای ہے تاکہ کروناوائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔

وزارت کے احکام کے مطابق تمام چائے خانے، جم، تھیٹر، سینما، پرفارمنس سینٹرز، کنسرٹ ہال، شادی ہال، میوزک ہال، شراب خانے، حقہ لاؤنج، انٹرنیٹ کیفے، ہر قسم کے گیم سینٹرز، تفریحی پارک، سوئمنگ پول، ترک حمام، غسل خانے اور گرم حمام تاحکمِ ثانی بند کرنے کا حکم دیا ہے۔

خریداری مراکز اور ریستوران البتہ معمول کے مطابق کام کریں گے، کیونکہ حکم نامے میں ایسے کاروباروں کو بند کرنا شامل نہیں۔

یہ قدم اس وقت اٹھایا گیا ہے جب ملک کے سب سے بڑے مذہبی ادارے صدارتِ مذہبی امور (دیانت) نے ملک بھر میں نماز کے اجتماعات پر پابندی لگا دی ہے کہ جن میں جمعے کی نمازیں بھی شامل ہیں۔ البتہ مساجد روزمرہ نمازوں کے لیے کھلی رہیں گے۔

ترکی میں کروناوائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھتے ہوئے 47 تک پہنچ گئی ہے۔ وزیر صحت فخر الدین خوجہ کے اعلان کے مطابق کروناوائرس کے 29 نئے کیس سامنے آئے ہیں اور ان سب کا بلاواسطہ یا بالواسطہ امریکا، مشرق وسطیٰ یا یورپ سے تعلق ہے۔

وزیر صحت نے عوام سے مطالبہ کیا ہے کہ اگر وہ اس وائرس کی علامات رکھتے ہیں تو خودکو سب سے الگ تھلگ رکھیں۔

ترکی اپنی سرحدیں بند کر چکا ہے اور اس عالمگیر وباء سے بچنے کے لیے بیشتر بین الاقوامی پروازیں بھی بند کر چکا ہے۔ عوام سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ بیرونِ ملک سفر سے گریز کریں اور جو کرتے ہیں انہیں 14 دن الگ تھلگ رہنا پڑے گا۔ ترکی میں اب تک کروناوائرس کے ہاتھوں کوئی موت واقع نہیں ہوئی ہے۔

تبصرے
Loading...