ترکی اور امریکا کے لڑاکا طیاروں کا نیٹو فضائی حدود میں گشت
ترکی اور امریکا کے لڑاکا طیارے نیٹو کی فضائی حدود میں گشت کرنے کی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں اور اِس ہفتے پولینڈ اور آئس لینڈ کی فضاؤں کی نگرانی کر رہے ہیں۔
نیٹو ترجمان کے مطابق ہم نیٹو کے فضائی گشت کے مشن میں حصہ ڈالنے پر ترکی اور امریکا جیسے اتحادیوں کے شکر گزار ہیں۔
اس امر پر زور دیتے ہوئے کہ فضائی گشت اتحاد کو اپنی فضائی حدود کو محفوظ بنانے میں مدد دیتا ہے، انہوں نے کہا کہ یہ اتحاد کے عملاً کام کرنے کی واضح مثال ہے اور ظاہر کر رہا ہے کہ نیٹو اپنے تمام اتحادیوں کو محفوظ رکھنے کی صلاحیت اور عزم رکھتا ہے۔
نیٹو کے مطابق ترکی کے 4 ایف-16 لڑاکا طیارے منگل کو پولینڈ کے مالبورک ایئر بیس، پہنچے تھے تاکہ پولش فضائیہ کے ساتھ مل کر علاقے کے فضائی نگرانی اور حفاظت کا کام کر سکیں۔ ترک لڑاکا طیارے اور عملے کے 80 اراکین ستمبر کے وسط تک یہیں قیام کریں گے۔
اس کے علاوہ 4 امریکی لڑاکا طیارے بدھ کو آئس لینڈ کے کیفلاوک ایئر بیس پہنچے تھے تاکہ وہاں فضائی نگرانی کی سرگرمیاں انجام دیں۔
نیٹو کے لڑاکا طیارے یورپ بھر میں ہمہ وقت چوکس رہتے ہیں اور کسی بھی نیٹو رکن کی فضائی حدود میں یا اس کے قریب کسی مشتبہ یا غیر علانیہ پرواز کی آمد پر اڑنے کے لیے تیار رہتے ہیں۔
ترجمان کے مطابق نیٹو نے 2020ء میں نامعلوم طیاروں کے نیٹو کی فضائی حدود کے قریب آنے کی وجہ سے یورپ بھر میں اپنی فضائی افواج کے ذریعے 400 سے زیادہ پروازیں کیں۔ ان میں سے زیادہ تر پروازیں روس کے طیاروں کی تھیں۔