ترکی کی مقامی طور پر تیار کردہ گاڑی لاس ویگاس کے ٹیکنالوجی میلے میں

0 1,159

دسمبر کے اواخر میں وطنِ عزیز میں شاندار رونمائی کے بعد ترکی کی مقامی طور پر تیار کردہ پہلی گاڑی کا منصوبہ امریکا کے شہر لاس ویگاس میں ہونے والے کنزیومر الیکٹرونکس شو (CES) میں بھی پہنچ گیا ہے۔

CES میں "آئیے مل جل کر نقل و حمل کے نئے دور کا آغاز کریں” کے عنوان سے ہونے والے ایک پینل سے خطاب کرتے ہوئے ترکی کے آٹوموبائل جوائنٹ وینچر گروپ (TOGG) کے سی ای او گورجان قراقش نے ترکی کی اس گاڑی کے بارے میں بتایا جو مکمل طور پر الیکٹرک ہوگی۔ اس موقع پر عالمی آٹوموٹو صنعت کے معروف نام بھی موجود تھے۔ اپنی تقریر میں قراقش نے بتایا کہ ترکی کی آٹوموٹو انڈسٹری کس طرح ایک مکمل صنعت کا روپ دھارے گی۔

TOGG اس مقامی طور پر بنائی گئی کار کو محض ایک گاڑی ہی نہیں بلکہ ایک اسمارٹ ڈیوائس اور ایک چلتا پھرتا کمپیوٹر قرار دیتا ہے۔ اس لیے اس کار کی رونمائی روایتی آٹو شوز کے بجائے ٹیکنالوجی میلوں میں ہو سکتی ہے۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو یہ C-SUV مستقبل میں CES میں باقاعدہ پیش ہو سکتی ہے۔ یہ گاڑی 2022ء کے وسط تک مارکیٹ میں پہنچنا متوقع ہے۔

ٹیکنالوجی میلہ حالیہ چند سالوں میں آٹوموٹو برانڈز کا پسندیدہ پلیٹ فارم بن چکا ہے۔ آٹومیکرز ڈیٹرائٹ، فرینکفرٹ اور پیرس میں روایتی آٹو شوز کے مقابلے میں CES کو ترجیح دیتے ہیں کہ جو ٹیکنالوجی کمپنیوں کو ایک جگہ جمع کرتا ہے۔

اس ایونٹ نے آؤڈی، BMW، بائٹن، ڈیملر، فا گروپ، FCA ، فِسکر، فورڈ موٹر کمپنی، ہونڈا، ہیونڈائی گروپ، لیکسَس، نِسان اور ٹویوٹا کی میزبانی کی۔ بِرج اسٹون، بوش، والیو، ٹویوٹا بوشوکو، آئسن گروپ، کانٹ نینٹل اور اوسریم جیسے ذیلی صنعتی اداروں نے بھی CES میں جدید ترین ٹیکنالوجیز پیش کیں۔

ترکی کے 60 سال پرانے خواب کی تعبیر ایک مقامی طور پر بنائی گئی گاڑی کو TOGG نے صرف 18 مہینوں میں ڈیزائن اور تیار کیا ہے۔

TOGG کا مقصد ترکی کا پہلا عالمی برانڈ بننا ہے، اس لیے وہ تکنیکی خصوصیات اور آلات کے سلسلے میں جدید اور اپنی نوعیت کی بہترین سہولیات فراہم کرے گا۔

اس ادارے کی یہ اسپورٹس یوٹیلٹی وہیکل (SUV) یورپ میں بننے والی پہلی SUV ہوگی۔ یہ بڑے ویل بیس، وسیع اندرونی گنجائش اور تیز ترین پِک اَپ کی وجہ سے اپنی حریف گاڑیوں کو بھی پیچھے چھوڑ دے گی۔

یہ مکمل الیکٹرک SUV دو مختلف انجن صلاحیتوں کے ساتھ آتی ہے: 200 ہارس پاور یا 400 ہارس پاور۔ 400 ہارس پاور 4.8 سیکنڈز میں 0 سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ تک جاتی ہے۔ اس کی رینج 500 کلومیٹرز تک ہوگی اور اس کی مقامی طور پر تیار کی گئی بیٹری 30 منٹ میں ہی 80 فیصد چارج ہو جاتی ہے۔

TOGG ترکی کے پانچ بڑے صنعتی گروپوں پر مشتمل ہے جنہوں نے یہ گاڑی بنانے کے لیے اتحاد کیا ہے۔ یہ شمال مغربی صوبہ بورصہ میں فیکٹری لگائے گی کہ جسے ترکی کی آٹوموٹو صنعت کا دارالحکومت کہتےہیں۔ فیکٹری کا سنگِ بنیاد اس سال کی پہلی ششماہی میں رکھا جائے گا جو بورصہ کے ضلع گیملک میں 10 لاکھ مربع میٹر کے علاقے پر پھیلی ہوگی۔

تبصرے
Loading...