ترکی کی برآمدات پہلی بار 20 ارب ڈالرز ماہانہ کو عبور کر گئیں

0 883

ترکی کے برآمد کنندگان نے ستمبر میں ماہانہ بنیادوں پر پہلی بار 20 ارب ڈالرز کا ہندسہ عبور کیا ہے، جس کا اعلان وزارتِ تجارت نے کیا ہے۔

وزیر تجارت محمد موش نے دارالحکومت انقرہ میں منعقدہ ایک اجلاس کے دوران بتایا کہ برآمدات 30 فیصد اضافے کے ساتھ گزشتہ ماہ 20.8 ارب ڈالرز تک پہنچیں۔ "ملک کی تاریخ میں پہلی بار ہم نے ماہانہ بنیادوں پر 20 ارب ڈالرز کا ہندسہ عبور کیا۔”

موش کے مطابق اس مہینے میں درآمدات میں 12 فیصد اضافہ ہوا جو 23.4 ارب ڈالرز کی رہیں۔

اس کے علاوہ ترکی نے اپنا 12 ماہ کا برآمدی ہدف سال کے ابتدائی 9 مہینوں میں ہی حاصل کر لیا ہے۔ وزیر کے مطابق رواں سال برآمدات 212.2 ارب ڈالرز تک جا پہنچی ہیں۔

ترکی کی برآمدات نئی بلندیوں پر، تاریخ میں اگست کا بہترین مہینہ

حکومت کے اعلان کردہ نئے اقتصادی پروگرام کے تحت رواں سال کا برآمدی ہدف 211 ارب ڈالرز تھا۔ موش کا کہنا ہے کہ میرا ماننا ہے کہ یہ سلسلہ چلتا رہے گا اور نمو میں مستقل اضافہ ہوگا۔

ستمبر کے مہینے میں درآمدات کے مقابلے میں برآمدات کا تناسب 88.9 فیصد رہا جو ایک سال قبل 76.7 فیصد تھا۔

ترکش ایکسپورٹرز اسمبلی (TIM) کے سربراہ اسماعیل گلہ نے کہا کہ برآمدات دنیا کے 218 ممالک اور خطوں میں ترک پرچم لہرا رہی ہیں اور 170 ممالک سے زیادہ کے لیے برآمدات بڑھائی ہیں۔

ترک برآمدات کے لیے سب سے بڑا ملک جرمنی ہے کہ جہاں گزشتہ ماہ 1.7 ارب ڈالرز کی برآمدات گئیں جو سال بہ سال میں 12 فیصد کا اضافہ ہے۔ اس کے بعد امریکا 1.3 ارب ڈالرز اور برطانیہ بھی 1.3 ارب ڈالرز کے ساتھ رہے۔

اسماعیل گلہ نے کہا کہ سب سے زیادہ اضافہ امریکا کے لیے 45 کروڑ ڈالرز، بیلجیئم کے لیے 27.8 کروڑ ڈالرز اور اسپین کے لیے 25.7 کروڑ ڈالرز رہا۔

تبصرے
Loading...