ترکی کی پہلی مقامی ساختہ گاڑی، صرف 4.8 سیکنڈز میں صفر سے 100 کلومیٹرز کی رفتار پر
ترکی کی پہلی مقامی طور پر تیار کردہ گاڑی کی اسمبلی لائن کا آغاز ہو چکا ہے اور استنبول میں پہلی بار اسے تجربے کے لیے سڑک پر بھی چلایا گیا ہے جہاں سب سے پہلے اس کی رفتار کا ٹیسٹ کیا گيا ہے۔
یہ گاڑی بنانے والے ترکی کے آٹوموبائل جوائنٹ وینچر گروپ (TOGG) نے ایک وڈیو جاری کی ہے جس میں اس کی پیداوار اور اسمبلنگ کے عمل کے بارے میں تفصیلات دی جا رہی ہیں۔
ٹوئٹر پر شیئر کی گئی وڈيوز میں TOGG کی مکمل الیکٹرک SUV کی صفر سے تیاری کے مراحل دکھائے گئے ہیں، جس کے بعد یہ گاڑی استنبول کے پارک سرکٹ میں رفتار کے ٹیسٹ میں کارکردگی پیش کرتی نظر آتی ہے۔
ٹوئٹ میں کہا گیا ہے کہ "ہم اپنے اہداف حاصل کر رہے ہیں، مرحلہ بہ مرحلہ۔ ہمارا سفر بلا روک ٹوک جاری ہے۔”
وڈیو کے مطابق استنبول ٹریک میں چکر کاٹنے کے دوران یہ صرف 4.8 سیکنڈز میں گاڑی صفر سے 100 کلومیٹرز فی گھنٹے کی رفتار تک پہنچی، وہ بھی ڈرائیور کے ساتھ چار مسافروں کو بٹھا کر۔
Elektronik ve mekanik sistem onayı ile fonksiyonel prototip üretimi süreçleri Türkiye’de tamamlanan akıllı SUV cihazımız ön uygunluğunu aldı.
Fonksiyonel prototiplerimizi güvenlik, termal, dayanım, dinamik ve performans testleri için akredite test merkezlerine gönderdik. #TOGG pic.twitter.com/3d1zckOna0
— Türkiye’nin Otomobili (@TOGG2022) November 1, 2021
ادارے کا کہنا ہے کہ ہماری اسمارٹ گاڑی، جس کی تجرباتی پیداوار کا عمل مکمل طور پر ترکی میں جاری ہے، منظوری پہلے ہی حاصل کر چکی ہے۔ اس کی تجرباتی گاڑیوں کو سیفٹی، تھرمل، مضبوطی، ڈائنامک اور پرفارمنس ٹیسٹ کے لیے منظور شدہ ٹیسٹ مراکز پر بھیجا گیا تھا۔
TOGG کا قیام 25 جون 2018ء کو عمل میں آیا تھا۔ اس کی قیادت ٹیکنالوجی کی دنیا کے بڑے نام محمد گورجان قراقاش کر رہے ہیں، جنہیں ادارے کا سی ای او بنایا گیا ہے۔
صدر رجب طیب ایردوان نے دسمبر 2019ء میں ایک SUV اور ایک سیڈان کے پروٹوٹائپس کی رونمائی کی، جو مکمل طور پر الیکٹرک اور سی-سیگمنٹ ماڈلز ہیں۔
TOGG سال 2030ء تک پانچ مختلف ماڈلز بنائے گا – ایک SUV، ایک سیڈان، سی-ہیچ بیک، بی-SUV اور بی-MPV۔
SUV کی بڑے پیمانے پر پیداوار کا آغاز 2022ء میں ہوگا جس کے بعد سیڈان کی پیداوار شروع ہوگی۔
TOGG کی انجینیئرنگ، ڈیزائن اور پیداواری تنصیبات کی تعمیر 18 جولائی 2020ء کو شروع ہوئی تھی۔ شمال مغربی صوبہ بورصہ میں 12 لاکھ مربع میٹرز کے رقبے پر پھیلی یہ تنصیب 2022ء کے اوائل میں مکمل ہوگی۔