ترکی کی پہلی الیکٹرک کار جرمنی کے ذریعے یورپی مارکیٹوں تک پہنچے گی

0 867

ترکی کے آٹوموبائل انٹرپرائز گروپ (TOGG) کی تیار کردہ ملک کی پہلی مقامی اور مکمل طور پر الیکٹرک گاڑی کے ابتدائی ماڈلز 2022ء کے اختتام تک پیداواری مرحلے میں ہوں گے اور ملکی مارکیٹ میں پیش کر دیے جائیں گے۔

صنعتی ادارے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر گورجان قراقاش نے ایک جرمن ابلاغی ادارے سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقامی مارکیٹ میں فروخت کے بعد تقریباً ڈیڑھ سال میں یہ گاڑی جرمن مارکیٹ میں داخل ہوگی اور پھر یورپی مارکیٹوں میں عام دستیاب ہو گی۔ وہ جرمنی کے معروف آٹوموٹو جریدے Automobilwoche کو انٹرویو دے رہے تھے۔

جرمن ادارے کا کہنا ہے کہ TOGG کے منصوبے سے زبردست مسابقت کی فضا پیدا ہوگی۔ یہ ترکی کو بدل دینے والا منصوبہ ہے کیونکہ ترکی یورپ کو آٹوموٹو شعبے میں سپلائی فراہم کرنے والا اہم ملک شمار ہوتا ہے اور لاگت کے حوالے سے اسے کافی برتری حاصل ہوگی۔

TOGG نے الیکٹرک بیٹریوں کے لیے چینی بیٹری کمپنی فاراسس کے ساتھ معاہدہ کر رکھا ہے۔ چینی ادارے نے جرمنی میں کارخانہ لگا رکھا ہے اور یہیں کی پیداوار ترک ادارے کو فراہم کرے گا۔ قراقاش کہتے ہیں کہ "ہم کمپنی کے ساتھ ترکی میں مشترکہ پیداوار کا منصوبہ بھی رکھتے ہیں۔”

برآمدی منصوبوں اور نئے اہداف کے حوالے سے قراقاش نے کہا کہ اس وقت کمپنی میں تقریباً 450 افراد ملازمین ہیں لیکن انسانی وسائل کے لحاظ سے ہم بہت تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ رواں سال کے اختتام تک ہم یہ تعداد 800 تک پہنچانا چاہتے ہیں۔

اس فیکٹری کا سنگِ بنیاد جولائی 2020ء میں بورصہ میں رکھا گیا تھا جہاں ملک کے پہلے مقامی کار پلانٹ کی تعمیر ہوگی۔ یہ تقریب پہلے مکمل طور پر مقامی سطح پر تیار کردہ گاڑیوں کے پروٹوٹائپس کی رونمائی کے بعد کی گئی تھی۔ اس پلانٹ میں کار انجینئرنگ، ڈیزائن اور پروڈکشن سینٹر شامل ہوں گے۔

صدر رجب طیب ایردوان نے سنگِ بنیاد کے موقع پر اسے ایک تاریخی قدم اور ملک کی پہلی مقامی گاڑی بنانے کے 60 سال پرانے خواب کی تعبیر قرار دیا تھا۔

جرمن ادارے نے اپنی تحریر میں ترکی میں چارجنگ کے لیے جامع انفرا اسٹرکچر کی تعمیر کی کوششوں کا بھی ذکر کیا ہے۔ ملک میں 4 ہزار چارجنگ اسٹیشنز بنانے کا منصوبہ موجود ہے، جس کے تحت قومی شاہراہوں پر ہر 10 کلومیٹرز پر ایک اسٹینڈرڈ چارجنگ اسٹیشن اور ہر 25 کلومیٹرز پر فاسٹ چارجنگ اسٹیشنز بنائے جائیں گے۔

جون 2018ء میں ترکی کے پانچ بڑے صنعتی اداروں نے مل کر TOGG تشکیل دی تھی۔ یہ کمپنی 2030ء تک پانچ مختلف ماڈلز کی گاڑیاں تیار کرے گی، جس کے تمام تر حقوق اسی کے پاس ہوں گے۔

تبصرے
Loading...
%d bloggers like this: