ترکی کے علاقے کپادوکیا میں ہوائی غباروں کا میلہ شروع

0 425

ہوائی غباروں کا بین الاقوامی میلہ ہفتے کو ترکی کے مشہورِ زمانہ علاقے کپادوکیا میں شروع ہو گیا ہے۔

گرم ہوا سے اڑنے والے درجنوں غباروں نے کپادوکیا کے آسمان پر رنگ بکھیر دیے کہ جو اپنے خوبصورت مناظر کی وجہ سے ویسے ہی عالمی سیاحت میں ایک خاص مقام رکھتا ہے۔ یہ بین الاقوامی میلے کا دوسرا حصہ ہے کہ جس کا انتظام پاشا بلونز نے کیا ہے، جو ملک کے مرکزی صوبہ نوشہر میں کام کرنے والے اداروں میں سے ایک ہے۔

چیئرمین پاشا بلونز خالص آئیطوغان نے کہا کہ غباروں کے مقامی پائلٹوں کے علاوہ اسپین اور پرتگال سے آنے والے دیگر پائلٹ بھی اس میلے میں شریک ہیں۔

آئیطوغان نے کہا کہ اس حوالے سے کافی جوش و خروش پایا جاتا ہے۔ ہم توقع کرتے ہیں کہ میلہ تین دن تک ایسے ہی زور و شور سے جاری رہے گا۔ کپادوکیا ایسی جگہ ہے جہاں سے دنیا میں سب سے زیادہ غبارے پرواز کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 2022ء میں ان کا ہدف بیرونِ ملک سے مزید شرکت ہوگا۔

مغربی صوبہ کوتاہیہ سے شرکت کے لیے آنے والی ندا اولچار نے کہا کہ وہ آسمان پر غباروں سے بننے والے مسحور کن نظارے کا لطف اٹھا رہی ہیں۔

میلہ شام کو ایک محفل موسیقی اور ایک لائٹ شو کے ساتھ جاری رہے گا۔

کپادوکیا اقوام متحدہ کی جانب سے عالمی ثقافتی ورثہ قرار دیا گیا ہے اور اپنی مخصوص شکل چٹانوں، ہوائی غباروں میں پرواز، زیر زمین شہروں اور جدید ہوٹلوں کی وجہ سے مشہور ہے کہ جو ان چٹانوں میں تراش کر بنائے گئے ہیں۔ یہ ترکی کے اہم ترین سیاحتی علاقوں میں سے ایک ہے۔

تبصرے
Loading...