ترکی کی سائیکلیں اور موٹر سائیکلیں 2019ء میں 110 ممالک کو برآمد ہوئیں

0 304

اولوداغ آٹوموٹو انڈسٹری ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (OIB) کے اعداد و شمار کے مطابق ترکی کی دو پہیوں والی مصنوعات، مثلاً سائیکل، موپیڈز اور موٹر سائیکل، کی برآمدات پچھلے سال سالانہ بنیادوں پر 37 فیصد بڑھیں۔

اعداد و شمار نے ظاہر کیا کہ دو پہیوں والی گاڑیوں کی فروخت دنیا بھر میں 110 ممالک کو کی گئی کہ جن کی مدد سے 63.8 ملین ڈالرز کی آمدنی حاصل ہوئی۔

صنعت کی بیشتر برآمدات فن لینڈ کو ہوئیں، جہاں سال بہ سال فروخت میں 47 فیصد اضافہ ہوا اور یہ پچھلے سال کے 9.61 ملین ڈالرز کے مقابلے میں 14.12 ملین ڈالرز تک گئی۔

فن لینڈ کے بعد جرمنی 12.97 ملین ڈالرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا کہ جہاں سالانہ بنیادوں پر 233 فیصد کا اضافہ ہوا۔ یہ دو ممالک ترکی کی کُل برآمدات کے 42 فیصد کے حامل رہے۔

نیدرلینڈز تیسرے نمبر پر آیا کہ جس نے ترکی سے 6.5 ملین ڈالرز مالیت کی سائیکلیں اور موٹر سائیکلیں وصول کیں۔ اس کے بعد اسپین جو 2018ء کے مقابلے میں 12 فیصد آگے رہا اور 5.57 ملین ڈالرز کی درآمدات کیں۔ دیگر ممالک میں برطانیہ، فرانس اور اٹلی شامل رہے کہ جنہوں نے بالترتیب ترکی سے 5 ملین، 4.9 ملین اور 3.3 ملین ڈالرز کی سائیکلیں اور موٹرسائیکلیں خریدیں۔

ایک قابلِ ذکر پہلو یونان کے لیے برآمدات کا رہا کہ جن میں سال بہ سال میں 92 فیصد اضافہ ہوا۔ اس ملک کے لیے ہونے والی فروخت تقریباً 2.4 ملین ڈالرز کی رہی، جو 2018ء میں 1.24 ملین ڈالرز تھی۔

ایکسپورٹرز پچھلے سال پولینڈ، اسٹونیا، جنوبی کوریا، انڈونیشیا، بحرین، جاپان، نیپال، موزمبیق، سلوواکیا، ناروے، بیلارس، ٹوگو اور استوائی گنی جیسے ممالک کو بھی مصنوعات بھیجنے میں کامیاب رہے کہ جن کو پچھلے سال کوئی فروخت نہیں کی گئی تھی۔ ایکسپورٹرز نے دو فری ٹریڈ زونز بھی شامل کیے۔ مذکورہ بالا ممالک اور زونز کو ہونے والی برآمدات نے تقریباً 3 ملین ڈالرز حاصل کیے۔

تبصرے
Loading...