ترکی کا ایئر ٹریفک کنٹرول مصروفیت کے لحاظ سے یورپ میں پہلے نمبر پر

‏3,629 پروازوں کے ساتھ 4 جولائی کو سب سے زیادہ ایئر ٹریفک رہا، یعنی ہر 23 سیکنڈ میں ایک پرواز

0 543

ترکی کا اسٹیٹ ایئرپورٹس اتھارٹی (DHMI) ایئر ٹریفک کنٹرول سینٹر رواں سال کی پہلی شش ماہی کے دوران 3,24,706 پروازوں کے ساتھ یورپ میں پہلے نمبر پر رہا ہے۔ جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایئر ٹریفک وبا سے پہلے والے حالات کی جانب لوٹ رہا ہے۔

یورپین آرگنائزیشن فار دی سیفٹی آف ایئر نیوی گیشن (یورو کنٹرول) کے ڈیٹا کے مطابق جنوری سے جون کے دوران ترکی کے بعد جرمنی کا Karlsruhe کنٹرول سینٹر اور نیدرلینڈز کا Maastricht بالترتیب 3,14,931 اور 2,88,030 پروازوں کے ساتھ دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے۔ لندن میں 2,31,853، پیرس میں 2,15,404 اور روم میں 1,43,758 پروازیں ریکارڈ کی گئیں۔

ترک وزیر ٹرانسپورٹ و انفرا اسٹرکچر عادل قرا اسماعیل اوغلو نے کہا ہے کہ وبا نے عالمی ہوا بازی پر تباہ کن اثرات مرتب کیے تھے، لیکن اب حالات معمول کی طرف آ رہے ہیں۔

وزیر نے کہا کہ ترکی میں 3,629 پروازوں کے ساتھ 4 جولائی کو سب سے زیادہ ایئر ٹریفک رہا۔ یعنی ہر 23 سیکنڈ میں ایک پرواز ہماری فضائی حدود سے گزر رہی تھی۔

انہوں نے کہا کہ اعداد و شمار ترک فضائی حدود کی مصروفیت کو ظاہر کرتے ہیں، خاص طور پر جب فوجی ہوائی جہازوں کی تربیتی پروازوں کو بھی دیکھا جائے۔ اور یہ اشارہ کرتے ہیں کہ ترک فضائی حدود اور ہوا بازی کی صورت حال وبا سے قبل کی صورتحال پر واپس آ گئی ہے۔

قرا اسماعیل اوغلو نے کہا کہ ترک فضائی حدود استعمال کرنے والے جہازوں کو ایئر ٹریفک کنٹرول سروس فراہم کرنے والا DHMI ایئر ٹریفک کنٹرول سینٹر سال کے ابتدائی چھ ماہ کے دوران فلائٹ ٹریفک کو منظم کرنے میں یورپ کے بہترین مقامات میں سے ایک رہا۔ اس نے کئی بڑے مراکز کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلا مقام حاصل کیا ہے۔ "کامیابی محض اتفاقاً نہیں مل جاتی، ہم نے سخت محنت کی اور اس کا صلہ پایا۔

وزیر ٹرانسپورٹ نے مزید کہا کہ ترکی نے اپنی ایئر لائن کو اپنے لحاظ سے ترتیب دیا ہے اور ہمارا ہدف دنیا کی سر فہرست 10 معیشتوں میں سے ایک بننا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ادارے کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کیا ہے، جو اِس دور کی ضروریات کے مطابق ہے۔ ہم 10 لاکھ مربع کلومیٹرز تک ترک فضائی حدود کو پار کرنے والے جہازوں کو تمام موسمی حالات میں، 24 گھنٹے اور ساتوں دن کنٹرول اور کوآرڈی نیشن کی خدمات دے سکتے ہیں ۔

قرا اسماعیل اوغلو نے مزید کہا کہ وہ ایئر ٹریفک میں مزید اضافے کی توقع رکھتے ہیں، جو گرمیوں کے موسم میں سیاحت کے ساتھ بڑھے گا اور ہم اس کے لیے تیار ہیں۔

تبصرے
Loading...