ترکش ایئرلائنز نے 27 مارچ تک کے لیے تمام بین الاقوامی پروازیں معطل کر دیں،5 مقامات مستثنیٰ ہوں گے

0 106

ترکش ایئرلائنز نے 27 مارچ تک کے لیے اپنی تمام بین الاقوامی پروازیں معطل کر دی ہیں، البتہ ہانگ کانگ، ماسکو، ایتھوپیا، نیو یارک اور واشنگٹن ڈی سی کے لیے پروازیں جاری رہیں گی۔ قومی پرچم بردار ایئرلائنز کے چیئرمین ایلکر آئجی نے کہا کہ یہ فیصلہ کروناوائرس کی عالمگیر وباء کی وجہ سے کیا گیا ہے کہ جو ہوا بازی کے شعبے کو بری طرح متاثر کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایئرلائن اپنی 85 فیصد صلاحیت استعمال نہیں کر پا رہی۔ ترکی پہلے ہی کئی ممالک کے لیے اپنی پروازیں روک چکا ہے تاکہ اس وائرس کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکے جبکہ کئی ممالک خطرے سے نمٹنے کے لیے اپنی فضائی حدود بھی بند کر رہے ہیں۔

اب ایئرلائن 107 ممالک کے لیے اپنی پروازیں نہیں چلا سکتی۔ ترکی نے 60 سے زیادہ ممالک کے لیے پروازیں معطل کر رکھی ہیں۔

ترکی میں COVID-19 سے متاثرہ افراد کی تعداد بھی بڑھتے ہوئے 947 تک اور اموات 21 تک پہنچ چکی ہیں۔

بزرگ شہری، یعنی 65 سال سے زیادہ کی عمر کے افراد، کو ترکش ایئرلائنز میں پرواز کی اجازت نہیں دی جائے گی کیونکہ وہ COVID-19 سے دوچار ہونے کا زیادہ خطرہ رکھتے ہیں۔ ملک کے اندر بھی ان بزرگ شہریوں کی آزادانہ نقل و حرکت پر پابندی ہے۔

20 مارچ سے پہلے ٹکٹ خریدنے والے رواں سال کے اختتام تک ٹکٹ تبدیل کروا سکتے ہیں اور اس کے لیے ان سے کوئی اضافی فیس نہیں لی جائے گی۔ ٹکٹ واپس کرنے کے بجائے اسے مؤخر کرنے والے افراد کو 15 فیصد بونس دیا جائے گا اور ٹکٹ کی قیمت میں ہر 10 یورز پر 1,000 بونس مائلز دیے جائیں گے۔

تبصرے
Loading...