ترکش ایئرلائنز یورپ میں روزانہ پروازوں کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر آ گئی

0 109

ترکی کی قومی پرچم بردار ترکش ایئرلائنز (THY) روزانہ پروازوں کی تعداد کے لحاظ سے یورپ میں دوسرے نمبر پر آ گئی ہے۔

یورپین ایئر نیوی گیشن سیفٹی آرگنائزیشن (یورو کنٹرول) کے مطابق پرچم بردار ایئرلائنز میں تو THY کا نمبر پہلا ہے۔

5 سے 10 اکتوبر کے اعداد و شمار کے مطابق یورپی فضاؤں میں کُل 99,271 پروازوں نے اڑان بھری۔

آئرلینڈ کی راین ایئر پہلے نمبر پر رہی جس نے روزانہ 1,048 پروازیں چلائیں۔ ترکش ایئرلائنز 663 فلائٹس روزانہ کے حساب سے دوسرے نمبر پر آئی۔

اس پر تبصرہ کرتے ہوئے ترکش ایئرلائنز کے مینیجر بلال اکشی نے کہا کہ کروناوائرس نے ہوا بازی کے شعبے کو بُری طرح متاثر کیا ہے۔ یہ تعداد 2019ء کے مقابلے میں کہیں کم ہے لیکن THY ہمیشہ کی طرح بہتر سے بہترین کی جستجو میں ہے۔ ہم روزانہ پروازوں کی تعداد کے لحاظ سے یورپ میں دوسرے نمبر پر ہیں اور پرچم بردار ایئرلائنز میں ہمارا نمبر پہلا ہے۔

جس ہفتے کے اعداد و شمار پیش کیے گئے ہیں اس میں یورو کنٹرول نے وسط جولائی کے بعد پہلی بار 1,00,000 سے کم پروازیں دیکھیں۔

ایئرفرانس 515 روزانہ پروازوں کے ساتھ تیسرے جبکہ جرمنی کی لفتھانسا 484 کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہی۔ ترکش کی بجٹ ایئرلائنز پیگاسس 354 فلائٹس روزانہ کے ساتھ آٹھویں نمبر پر آئی۔

کرونا وائرس کی وجہ سے لگنے والی سفری پابندیوں سے مسافر پروازیں بری طرح متاثر ہوئی ہیں البتہ اس عرصے میں کارگو ٹرانسپورٹیشن میں اضافہ ہوا ہے۔

THY کا شعبہ ترکش کارگو عالمی ایئرکارگو بزنس میں تیزی سے ابھرنے والا ادارہ بن گیا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق ترکش کارگو کا کام 2020ء کی پہلی شش ماہی میں 67 فیصد بڑھا ہے اور دنیا بھر میں ہر 20 میں سے ایک پرواز ترکش کارگو کی ہے۔ عالمی مارکیٹ میں اس کا حصہ 3.9 فیصد سے بڑھتے ہوئے 5.4 فیصد ہو گیا ہے۔

تبصرے
Loading...