ترکش کارگو، نمایاں تریں عالمی کارگو کیریئر

0 201

ترکی کی قومی پرچم بردار ایئرلائنز کا شعبہ ‘ترکش کارگو’ عالمی ایئر کارگو بزنس میں سب سے نمایاں ادارہ بن رہا ہے۔

عالمی مینجمنٹ مشاورت ادارے کیئرنی (Kearney) کے مطابق 2020ء کی پہلی شش ماہی میں ترکش کارگو میں 67 فیصد اضافہ ہوا ہے اور دنیا بھر میں ہر 20 میں سے ایک ایئر کارگو اسی نے لادا ہے۔

تحقیق نے ایئر شپنگ کی عالمی صنعت پر Covid-19 کے اثرات کا جائزہ لیا ہے۔ اس کے مطابق مسافروں کے برعکس وباء کے دوران کارگو ٹرانسپورٹیشن کا عمل نہیں تھما۔ بلکہ کمپنیوں کی جانب سے ہوائی جہازوں کی تعداد بڑھانے کی وجہ سے جولائی 2020ء میں گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں گنجائش میں 29 فیصد اضافہ ہوا۔

کیئرنی ترکی ڈائریکٹر اونور اوکوتور نے کہا کہ وباء کے دوران ہر مسافر طیارے کو ایئر کارگو ٹرانسپورٹیشن کے لیے استعمال کیا گیا یہاں تک کہ کارگو ہوائی جہاز اپنی مکمل گنجائش کو پہنچ گئے۔ "وائیڈ باڈی کارگو ایئر کرافٹ کے اوسط استعمال کا دورانیہ جون میں 11 گھنٹے روزانہ تک جا پہنچا، جو تاریخ میں بلند ترین سطح ہے۔”

تحقیق کے مطابق ترکش کارگو نے 2020ء میں کارگو ٹرانسپورٹیشن میں غیر معمولی کارکردگی دکھائی اور شرحِ نمو 3.9 سے 5.4 فیصد تک پہنچا کر اپنی عالمی مارکیٹ میں اضافہ کیا۔

ترکش ایئرلائنز کے جنرل مینیجر اور چیف کارگو آفیسر تورخان اوزین نے کہا کہ انہوں نے وبائی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیزی سے تبدیلیاں کیں۔ انہوں نے ضروری اقدامات اٹھائےاور اپنے کام کرنے کے انداز کو بھی تبدیل کیا۔ یہ ایک مشکل وقت ہے کہ جس میں عالمی ٹرانسپورٹیشن نیٹ ورک تقریباً تھم چکا ہے، ہمیں متحرک رکھنے کا اہم ترین ذریعہ ہمارے لاجسٹک آپریشنز رہے کہ جنہوں نے ادویات سازی، طبی آلات، ماسک، انسانی امداد اور ملک کی اور عالمی غذائی ضروریات کو پورا کیا۔

ترکش کارگو نے اپنے 361 ہوائی جہازوں کے بڑے بیڑے کے ساتھ 127 ممالک میں 300 سے زیادہ مقامات کے لیے کارگو سروسز پیش کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اب ہدف 2023ء تک دنیا کے پانچ بڑے کارگو برانڈز میں سے ایک بننا ہے۔

کیئرنی کی رپورٹ نے یہ بھی کہا کہ گنجائش کے مسائل کی وجہ سے وباء کے دوران شپنگ کی لاگت میں بھی تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ اس سے پہلے ایشیا سے امریکا میں کارگو ٹرانسپورٹ 3 سے 4 ڈالر فی کلوگرام تھا، لیکن اب یہ 20 ڈالرز تک جا پہنچا ہے۔

تبصرے
Loading...