ترک مرکزی بینک ڈجیٹل کرنسی کے لیے پلیٹ فارم بنائے گا

0 108

ترکی کے مرکزی بینک نے اعلان کیا ہے کہ اس نے مختلف اہم اداروں کے ساتھ معاہدوں پر دستخط کر دیے ہیں اور ڈجیٹل کرنسی کے ممکنہ فوائد پر تحقیق کو مزید آگے لے جانے کے لیے "ڈجیٹل ترکش لیرا کولیبریشن پلیٹ فارم” تشکیل دیا ہے۔

جمہوریہ ترکی مرکزی بینک (CBRT) کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسیلسان اور ہویلسان کے علاوہ سائنٹیفک ریسرچ کونسل آف ترکی (TUBITAK) انفارمیٹکس اینڈ انفارمیشن سکیورٹی ریسرچ سینٹر (BILGEM) جیسے معروف ٹیکنالوجی اداروں کے ساتھ مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ہیں کہ جو تحقیق، ترقی اور تجربات کے عمل کو مکمل کریں گے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈجیٹل ترک لیرا متعارف کروانے کے ممکنہ فوائد پر تحقیق پہلے سے جاری تھی تاکہ ادائیگی کے موجودہ ڈھانچے کو مکمل کیا جا سکے۔

مرکزی بینک کے ڈجیٹل ترکش لیرا ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ (R&D) پروجیکٹ کے تحت مالیاتی اتھارٹی کا کہنا ہے کہ آزمائشی عمل کی تکمیل کے بعد اب ٹیکنالوجی اسٹیک ہولڈرز کی شرکت کے اگلے مرحلے تک پہنچ گئے ہیں۔ جس میں ان کے ساتھ قریبی تعاون کر کے کام کیا جائے گا۔

پائلٹ اسٹڈی کے پہلے مرحلے میں CBRT ایک پروٹوٹائپ "ڈجیٹل ترکش لیرا نیٹ ورک” تیار کرے گا اور ٹیکنالوجی اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مختلف ٹیسٹ کرے گا۔ جن کے نتائج کی بنیاد پر مرکزی بینک اس اسٹڈی کے اگلے مراحل کی رونمائی کرے گا جس میں وسیع تر شراکت داریاں ہوں گی۔

مزید کہا گیا ہے کہ ایسے تجربات کا بھی ارادہ ہے جو ڈجیٹل ترکش لیرا R&D منصوبے کے پھیلاؤ کو بڑھا سکیں مثلاً بلاک چین ٹیکنالوجی، ادائیگی کے نظام میں ڈسٹری بیوٹڈ لیجرز اور فوری ادائیگی کے نظام کی تکمیل۔

مرکزی بینک کا کہنا ہے کہ ڈجیٹل لیرا کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا اور پہلے مرحلے کے نتائج کا اعلان 2022ء میں کیا جائے گا۔

تبصرے
Loading...