ترک و پاکستانی اداکار تاریخی فلم میں ایک ساتھ

0 623

پاکستان اور ترکی کے اداکار آنے والی ایک فلم میں مل کر کام کریں گے کہ جو ترکی کی استعماری طاقتوں کے خلاف جدوجہد کے دوران برصغیر کے مسلمانوں کے کردار کو ظاہر کر رہی ہے۔

"گواہی” (Bear Witness)، ترکی زبان میں Sahit Ol، نامی یہ فلم 1920ء کی دہائی کے دور کو بیان کرتی ہے کہ جب پاکستان و ہندوستان پر برطانیہ کا قبضہ تھا۔ اس فلم کی کہانی تحریکِ خلافت کے گرد گھومتی ہے کہ جو ترکی کو استعماری طاقتوں سے بچانے کے لیے یہاں کے مسلمانوں نے شروع کی تھی۔

مصنف اور ہدایت کار طاہر محمود نے کراچی میں ایک بریفنگ میں بتایا کہ شوٹنگ اکتوبر میں شروع ہوگی اور فلم اگلے سال مارچ میں ریلیز کی جائے گی۔

"فلم تحریکِ پاکستان کے گمنام ہیروز، غازی مصطفیٰ کمال اتاترک اور بہادر ترک قوم کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے،” طاہر محمود نے کہا جو وزارت خارجہ کے عہدیدار بھی ہیں جنہوں نے حال ہی میں انقرہ میں پاکستانی سفارت خانے میں کام بھی کیا۔

فلم اردو زبان میں بنائی جائے گی اور بعد میں اسے ترک زبان میں ڈب کیا جائے گا۔

"فلم پاکستان اور ترکی کے درمیان عوامی سطح پر رابطے اور مضبوط کرے گی کیونکہ یہ ترک ناظرین کو بتائے گی کہ ہمارے آبا و اجداد اپنے ترک بھائیوں اور بہنوں کی مدد کے دوران کن مراحل سے گزرے۔” انہوں نے کہا۔

طاہر محمود نے امید ظاہر کی کہ ترکی میں اس فلم کی نمائش ترک فلم و ڈرامہ صنعت میں پاکستانی فلموں اور ڈراموں کے لیے راستہ ہموار کرے گی۔

پاکستان کے لیجنڈری اداکار قوی خان نے اپنا ذاتی تجربہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان تعلق کسی بھی دوسری قوم کے مقابلے میں کہیں زیادہ مضبوط ہے۔

"اس فلم کا ہدف نوجوان نسل کو دونوں ملکوں کے باہمی تعلق کی تاریخ سے آگاہ کرنا ہے۔ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ یہ ایک ہٹ فلم ہوگی اور فلم بینوں کی توقعات پر پورا اترے گی۔”

فلم میں اہم کردار ادا کرنے والے ترک اداکار مرت ششمان لر نے اپنے وڈیو پیغام میں کہا کہ "میں اس فلم میں اداکاری پر بہت خوش ہوں کہ جو پاکستان اور ترکی کے درمیان تاریخی تعلقات کو ظاہر کرتی ہے۔”

انہوں نے ازراہِ مذاق کہا کہ اردو الفاظ یاد کرنے اور تلفظ میں انہیں بڑی مشکل کا سامنا رہا لیکن وہ اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔

فلم کے اداکاروں میں قوی خان، عماد عرفانی، غنا علی، رابعہ کلثوم، ریحان ناظم، فیصل امتیاز اور دیگر شامل ہیں۔

تبصرے
Loading...