پی کے کے کا انتہائی مطلوب دہشت گرد مارا گیا

0 175

ترک فوج نے جنوب مشرقی صوبہ شانلی عرفہ میں PKK سے تعلق رکھنے والے انتہائی مطلوب دہشت گرد کو ٹھکانے لگا دیا ہے، جس کا اعلان وزیر داخلہ سلیمان سوئیلو نے کیا ہے۔

فرہاد تنچ عرف روبر نامی یہ عسکریت پسند علاقے میں دہشت گردانہ سرگرمیوں کا ذمہ دار تھا۔ جس کے خلاف یہ آپریشن پولیس، انٹیلی جنس اور اسپیشل آپریشنز اسکواڈ کی مشترکہ کار روائی تھی۔ وزیر داخلہ نے تمام سکیورٹی فورسز کو اس کامیابی پر مبارک باد پیش کی ہے۔

وزارت داخلہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق یہ آپریشن ضلع بوزووا کے گاؤں حاجی لر میں کیا گیا تھا۔ جس میں سکیورٹی فورسز کو ڈرونز کی مدد بھی حاصل تھی۔ انہوں نے اس کمپاؤنڈ کو گھیر لیا جس میں دہشت گرد موجود تھا اور اسے ہتھیار ڈالنے کو کہا لیکن اس نے فائر کھول دیا، جس پر سکیورٹی فورسز نے جوابی کار روائی کی اور دہشت گرد کو مار دیا۔

اس کار روائی میں ایک بندوق، دو دستی بم اور تنظیمی دستاویزات تحویل میں لی گئی ہیں۔

ترک سکیورٹی فورسز ملک کے مشرقی اور جنوب مشرقی صوبوں میں دہشت گردی کے خلاف کار روائیاں کرتی رہتی ہیں، جہاں PKK نے اپنے گڑھ بنا رکھے ہیں۔ ترک مسلح افواج شمالی عراق میں سرحد پار آپریشنز بھی کر چکی ہے، جو ایسا علاقہ ہے جہاں PKK کے ٹھکانے موجود ہیں جہاں سے وہ ترکی پر حملے کرتے رہتے ہیں۔ ایسے سرحد پار آپریشنز میں خاص طور پر بڑے دہشت گردوں کو ہدف بنایا جاتا ہے۔

ترکی کے خلاف 40 سال سے جاری اپنی دہشت گردانہ کار روائیوں کی وجہ سے PKK کو ترکی کے علاوہ امریکا اور یورپی یونین بھی دہشت گرد قرار دے چکے ہیں۔ PKK کی دہشت گردانہ کار روائیاں خواتین اور بچوں سمیت 40 ہزار کی موت کا سبب بنی ہیں۔

تبصرے
Loading...
%d bloggers like this: