عرب امارات کے ولی عہد ترکی کا دورہ کریں گے

0 70

متحدہ عرب امارات کے ولی عہد محمد بن زاید متوقع طور پر اگلے ہفتے ترکی کا دورہ کریں گے، جو گزشتہ 10 سال میں ان کا پہلا دورۂ ترکی ہوگا۔

یہ دورہ متوقع طور پر 24 نومبر کو ہوگا اور عرب امارات اور ترکی کے تعلقات میں بہتری کے لیے ایک علامت ثابت ہوگا، جنہوں نے گزشتہ موسم گرما میں تعلقات میں سرد مہری کے خاتمے کا اعلان کیا تھا۔

ترک حکام محمد بن زاید کے دورے کو "ایک نئے دور کا آغاز” قرار دے رہے ہیں جو سالہا سال تک دونوں ممالک کے مابین کشیدگی کے بعد جنم لے رہا ہے خاص طور پر جب انقرہ نے ترکی میں 2016ء کی بغاوت کے پس پردہ کرداروں کو مالی مدد دینے اور لیبیا میں ترکی کے مفادات کو ٹھیس پہنچانے کے الزامات عرب امارات پر لگائے تھے۔

ذرائع کے مطابق محمد بن زاید کا دورہ ترک دفاعی اداروں میں امارات کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کے موقع پر دیکھا گیا ہے، جو حالیہ چند سالوں میں زبردست صلاحیت ظاہر کر چکی ہیں۔

ابو ظبی انوسٹمنٹ اتھارٹی اور دیگر اماراتی ادارے بھی مبینہ طور پر ترکی میں صحت عامہ، مالی ٹیکنالوجی کے اداروں اور دیگر صنعتوں میں سرمایہ کاری کر چکے ہیں۔

رواں سال کے اوائل میں صدر رجب طیب ایردوان نے محمد بن زاید سے فون پر رابطہ کیا تھا جس میں دونوں نے باہمی تعلقات پر بات چیت کی۔

تبصرے
Loading...