بھارت کے مشہور فلم اسٹارز کی استنبول آمد، ترکی پسندیدہ مقام قرار

0 104

استنبول میں ایک دن کی شوٹنگ کے بھارت کے معروف فلم اسٹارز قطرینہ کیف اور سلمان خان نے ثقافت و سیاحت کے وزیر محمد نوری ارصوی کے ساتھ ایک تقریب میں شرکت کی، جس میں انہوں نے ترکی کی خوبصورت اور مہمان نوازی کو سراہا۔

نوری نے چراغاں پیلس، استنبول میں ان دونوں فلمی ستاروں سے ملاقات کی، جو اپنی ایکشن تھرلر فلم "ٹائیگر 3” کی شوٹنگ کے لیے ترکی میں موجود ہیں۔

اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر ثقافت نے کہا کہ بھارت کی فلمی صنعت ‘بالی ووڈ’ ترکی میں کافی مقبولیت حاصل کر رہی ہے۔

کئی معروف فلموں میں کام کرنے والی قطرینہ نے کہا کہ ترکی ایسا ملک ہے جہاں آنا مجھے بہت پسند ہے۔ بلاشبہ یہ خوبصورت جگہ ہے۔ لوگ بہت خوش اخلاق اور دوستانہ مزاج کے ہیں۔ مہمان نوازی، کھانا پینا، جگہیں سب زبردست ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ فلموں کی شوٹنگ کے لیے ترکی میرے پسندیدہ مقامات میں سے ایک ہے۔

سلمان خان بالی ووڈ کے تجربہ کار اداکار ہیں اور بھارت کی تاریخ کے مقبول ترین اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں، جنہوں نے بتایا کہ یہ استنبول میں شوٹنگ کا دوسرا موقع ہے اور وہ ایک مرتبہ پھر ترکی آ کر بہت خوش ہوئے ہیں۔ "مجھے یہاں کے لوگ اور جگہیں بہت پسند ہیں۔ مہمان نوازی بھی خوب ہے۔”

کئی بین الاقوامی پروڈکشن کمپنیاں اپنے منصوبوں پر کام کے لیے ترکی آ چکی ہیں، جن میں بھارت کے معروف ہدایت کار ربھو داس گپتا اور پروڈیوسر ویوک اگروال کی حالیہ فلم "دُرگا” بھی شامل ہے جس کی شوٹنگ ترکی میں ہوئی ہے۔

وزیر ثقافت نے حالیہ چند سالوں کے دوران ترک ٹیلی وژن انڈسٹری کی پیش رفت کو بھی سراہا اور کہا کہ آج ترکی امریکا کے بعد بین الاقوامی سطح پر ٹیلی وژن سیریز نشر کرنے میں دوسرے نمبر پر ہے۔

محمد نوری نے فلموں کی شوٹنگ کے حوالے سے ترکی کی شہرت کے بارے میں کہا کہ ہمارے ہر شہر اور خطے کی اپنی کشش ہے۔ پچھلے چند سالوں میں ترکی دنیا بھر میں کافی مقبول ہوا ہے اور ہم مزید انٹرنیشنل پروڈکشن کمپنیوں کو اپنے منصوبوں کے لیے ترکی آتا دیکھ رہے ہیں۔

تبصرے
Loading...