ہم ترکی کو سرمایہ کاری کا مرکز بنانے کا عزم رکھتے ہیں، صدر ایردوان

0 464

صدر ایردوان نے YASED انٹرنیشنل انوسٹمنٹ سمٹ کے لیے وڈیو پیغام میں کہا ہے کہ "ہم اپنے ملک کو مقامی و بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے کم خطرہ اور زیادہ اعتماد کا حامل اور تسلی بخش آمدنی دینے والا مرکز بنانا چاہتے ہیں۔ آئندہ دور میں ہم اس شعبے میں مزید اصلاحات کے ساتھ سرمایہ کاری ماحول کو اور بہتر بنانے کا کام کریں گے۔”

صدر رجب طیب ایردوان نے انٹرنیشنل انوسٹمنٹ سمٹ کے لیے ایک وڈیو پیغام بھیجا کہ جو انٹرنیشنل انوسٹرز ایسوسی ایشن (YASED) نے اپنی 40 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقد کی۔

صدر ایردوان نے کہا کہ "میرا ماننا ہے کہ YASED ترکی کو عظیم اور مضبوط بنانے کے لیے ہمارے راستے پر اپنا تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔ ہم اپنے ملک میں ٹیکنالوجی انقلاب اور اپنی برآمدی گنجائش میں اضافے کو یقینی بنانے کے لیے ہر کوشش کی حمایت کریں گے۔”

کرونا وائرس کہ جو پوری دنیا کے ساتھ ہمارے ملک کو بھی متاثر کر رہا ہے، اب اس کی وباء لہروں کی صورت میں آ رہی ہے، اس حوالے سے صدر ایردوان نے کہا کہ "ہم نے ترکی جیسے ممالک کو دیکھا کہ جو صحت کے حوالے سے مضبوط ڈھانچہ اور مضبوط سماجی تحفظ کا نظام رکھتے ہیں کہ انہوں نے نسبتاً آسانی کے ساتھ وباء کے تباہ کن اثرات پر قابو پایا۔”

"گو کہ زیادہ تر ممالک کو وباء کی وجہ سے معاشی جمود کا سامنا ہے، ترک معیشت بحالی کے ایک کامیاب دور سے گزر رہی ہے”

صدر ایردوان نے کہا کہ "ایک طرف ہم نے نئے ہسپتالوں کے ساتھ اپنے ہیلتھ کیئر کے نظام کو بہتر بنایا تو دوسری جانب ہم کاروباری منتظمین، تاجروں اور پسماندہ افراد کو معاشی استحکام اور سماجی تحفظ کے پیکیجز کے ذریعے مدد دے رہے ہیں۔ ہم اپنی قوم کی صحت پر بھی کوئی سمجھوتہ کرنے سے بھی دُور رہے ہیں لیکن ساتھ ہی ایسے اقدامات سے بھی دامن بچا رہے ہیں کہ جو ہمارے عوام کے کاندھوں پر بوجھ ڈال سکتے ہیں۔ گو کہ کئی ممالک کو کووِڈ-19 کی وجہ سے معاشی جمود کا سامنا ہے، لیکن ترک معیشت بحالی کے ایک کامیاب دور سے گزر رہی ہے۔ ہم تیسری سہ ماہی میں حاصل کردہ مضبوط شرح نمو کو اس عرصے میں اپنے ملک کی کامیابی کی علامت سمجھتے ہیں۔”

دنیا کا توازن بگاڑنے والی اس وباء نے زیادہ پیداواری گنجائش رکھنے والے ممالک کے لیے نئے مواقع بھی کھولے ہیں، اس حوالے سے صدر ایردوان نے کہا کہ اپنے جغرافیائی محل وقوع، مضبوط بنیادی ڈھانچے اور دھچکوں کے خلاف مزاحمت کی بدولت ترکی ان مواقع کا فائدہ اٹھانے والے نمایاں ترین ملکوں میں سے ایک ہے۔ میرا ماننا ہے کہ ہمارا ملک بہت فائدے رکھتا ہے، خاص طور پر بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے کہ جو ایشیا میں پیداواری نیٹ ورک کے متبادل تلاش کر رہے ہیں۔”

صدر ایردوان نے کہا کہ "قوتِ خرید میں مساوات کے لحاظ سے ہم دنیا کا 13 واں سب سے بڑا ملک ہیں اور OECD میں ساتواں سب سے بڑا۔ ہم سیاحوں میں مقبول ملکوں میں دنیا میں چھٹے نمبر پر ہیں، جو ہر سال 50 ملین سے زیادہ مہمانوں کی میزبانی کر رہا ہے۔ ورلڈ بینک کی ‘کاروبار میں آسانی’ کی درجہ بندی میں ہم صرف دو سال میں 27 درجے پھلانگ چکے ہیں۔ ایک ایسے وقت میں جب دنیا بھر میں براہ راست سرمایہ کاری کم ہو رہی ہے، ہم ان چند ملکوں میں سے ایک ہیں کہ جہاں یہ سرمایہ کاری بڑھی ہے۔ 2018ء میں جب عالمی براہ راست سرمایہ کاری میں 12 فیصد کمی آئی تھی، ہمارے ملک میں آنے والی سرمایہ کاری میں 17.3 فیصد اضافہ ہوا تھا اور یہ 13 ارب ڈالرز سے تجاوز کر گئی تھی۔ ہم 2002ء سے اب تک 220 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری حاصل کر چکے ہیں کہ جو ترکی پر بین الاقوامی اداروں کے اعتماد کو ظاہر کرتی ہے۔”

"جمہوریت اور قانون کے لیے اقدامات کی وجہ سے ہم نے پچھلے 18 سال میں معیشت، تجارت اور سرمایہ کاری میں فائدے اٹھائے ہیں”

صدر ایردوان نے کہا کہ ” جمہوریت اور قانون کے لیے اقدامات کی وجہ سے ہم نے پچھلے 18 سال میں معیشت، تجارت اور سرمایہ کاری میں فائدے اٹھائے ہیں۔ ہماری کامیابی کا راز جمہوریت کے ساتھ نمو اور ترقی کو سہارا دینا، سیاسی اعتماد میں اضافہ اور ریاست کے قانون کو مستحکم کرنا ہے۔ تمام تر حملوں کے باوجود ہم نے کبھی ایک مضبوط تر، زیادہ ترقی یافتہ اور زیادہ جمہوری ترکی کے تصور کو نہیں چھوڑا۔ ہم نے اپنی سوِل سوسائٹی کو شامل کیا۔ ہم نے سرکاری اداروں کو متحرک کیا، اپنی بیوروکریسی کو بھی۔ ہم نے مشاورتی اجلاس کیے۔ ہم نے ڈیڈلاکس کے لیے سخت کوششیں کی۔ بالآخر ہم ترکی کو اپنی تاریخ کی سب سے بڑی جمہوریت اور ترقی تک لائے۔”

"ترکی کی ترقی اور نمو کے لیے کوئی خیال یا تعمیری تنقید رکھنے والے ہر فرد کے لیے ہمارے دروازے کھلے ہیں”

صدر ایردوان نے کہا کہ "اس کے لیے ہم نے قانون، جمہوریت اور معیشت میں نئی اصلاحات کے لیے کوششوں کا آغاز کیا۔ ہم اس عمل کو وسیع تر میدان میں کرنا چاہتے ہیں اور جامع اتفاق رائے کے ساتھ کہ جس میں کسی کو پیچھے نہ چھوڑا جائے۔ ہمارے دروازے ان سب کے لیے کھلے ہیں جو ترکی کی ترقی اور نمو کے حوالے سے کچھ کہنا چاہتے ہیں، کوئی خیال پیش کرنا، کوئی تعمیری تنقید کرنا چاہتے ہیں۔ ہمارا ملک 83 ملین لوگوں کی سپورٹ کے ساتھ ہی 2023ء کے لیے اپنے اہداف حاصل کرے گا۔ یہ لازمی ہے کہ 83 ملین ایک ہو جائیں اور مل کر مستقبل کی جانب سفر کریں۔”

"ہم اضافی اصلاحات کے ساتھ مستقبل میں سرمایہ کاری ماحول کو مزید بہتر بنائیں گے”

صدر ایردوان نے زور دیا کہ "ترکی اپنے مقاصد کے حصول میں غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری کی اہمیت سے اچھی طرح آگاہ ہے۔ ہم اپنے ملک کو مقامی و بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے کم خطرہ اور زیادہ اعتماد کا حامل اور تسلی بخش آمدنی دینے والا مرکز بنانا چاہتے ہیں۔ آئندہ دور میں ہم اس شعبے میں مزید اصلاحات کے ساتھ سرمایہ کاری ماحول کو اور بہتر بنانے کا کام کریں گے۔”

تبصرے
Loading...
%d bloggers like this: