ہم ایسی اصلاحات کر رہے ہیں جو ہماری معیشت کو مضبوط کریں گی، صدر ایردوان

0 438

نئے سال پر اپنے پیغام میں صدر رجب طیب ایردوان نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ سالِ نو ترکی اور دنیا بھر کے لوگوں کے لیے مبارک ثابت ہوگا، اور کہا کہ "ہم ایسی اصلاحات کر رہے ہیں جو ہماری معیشت کو مضبوط کریں گی اور ہماری جمہوریت، حقوق اور آزادی کے معیار کو بہتر بنائیں گی۔ امید ہے کہ نئے سال میں ہم اپنی قوم کو جامع اصلاحاتی منصوبے پیش کریں گے، جن کی حتمی تیاریاں اس وقت جاری ہیں۔”

صدر رجب طیب ایردوان نے نئے سال پر اپنا پیغام جاری کیا ہے۔

یہ کہتے ہوئے کہ 2020ء ایسا سال تھا کہ جس میں دنیا کو کوئی مشکلات سے گزرنا پڑا، خاص طور پر کرونا وائرس سے، صدر ایردوان نے کہا کہ "کووِڈ-19 بحران، جس نے پوری دنیا کو متاثر کیا، صدی میں صحت کے سب سے بڑے بحران کی حیثیت سے تاریخ کا حصہ بن چکا ہے۔”

"ترکی کم از کم نقصان کے ساتھ اس وباء کے نازک ترین مرحلے سے گزرا”

صدر ایردوان نے کہا کہ "وباء کی وجہ سے ہر شعبے میں دنیا کو سنجیدہ چیلنج کا سامنا رہا ماسک اور سانس لینے میں مدد دینے والے آلات سے لے کر روزمرہ ضروریات کی چیزوں اور ادویات تک میں،” البتہ ترکی اپنے مضبوط ہیلتھ انفرا اسٹرکچر اور بروقت اٹھائے گئے اقدامات کی وجہ سے کم سے کم نقصان کے ساتھ اس اہم مرحلے سے باہر آ گیا۔

صدر ایردوان نے کہا کہ "ہم نے اپنے انتہائی نگہداشت کے بستروں کی تعداد کی بدولت، کہ جو یورپ کی کُل گنجائش کے قریب ہے، اور اپنے صحت عامہ کے شعبے سے وابستہ افراد کی مدد سے کہ جن کی تعداد 11 لاکھ سے بھی زیادہ ہے، کامیابی کے ساتھ معاملات کو سنبھالا۔ ہم 1,008 بستر رکھنے والے دو ہنگامی ہسپتالوں کے ساتھ نئے دور میں داخل ہوئے کہ جن کی تعمیر بہت مختصر عرصے میں مکمل کی گئی اور انہیں عملاً استعمال میں لایا گیا۔ ایک مرتبہ پھر اس عرصے میں ہم نے 16 ہسپتالوں اور 10 اضافی سروس بلڈنگز کا افتتاح کر کے اپنے ہیلتھ کیئر انفرا اسٹرکچر کو مضبوط کیا، جن میں 16,000 بستر ہیں۔ ہمارے سوشل سکیورٹی سسٹم کی جامعیت کی بدولت ہمارے شہریوں کو علاج معالجے کے لیے بھاری بھرکم بلوں کا سامنا نہیں کرنا پڑا، جیسا کہ دنیا کے دیگر کئی مقامات پر ہوا۔ ہم نے وباء کے خلاف درکار ہر سروس، ٹیسٹ سے لے کر علاج کی تشخیص اور ادویات تک، اپنے شہریوں کو مفت میں فراہم کی۔”

"ترکی کو مذہبی آزادی سے کوئی مسئلہ نہیں ہے”

"قرآن مجید ہمیں کہتا ہے کہ ‘ہر مشکل کے ساتھ آسانی ہے،” صدر ایردوان نے کہا کہ "بلاشبہ ہم نے بحیثیت قوم کرونا وائرس کی وباء کے ان مشکل دنوں میں خدائے تعالیٰ سے بہت سی اچھی خبریں سنیں۔ 24 جولائی بروز جمعہ ہم نے سلطان محمد فاتح کی وصیت کے مطابق سالہا سال کے بعد آیا صوفیا کو اس کی اصل شناخت پر بحال کیا۔ ہم نے سومیلا خانقاہ کی مثال بھی دنیا کے سامنے پیش کی کہ ہمیں مذہبی آزادی سے کوئی مسئلہ نہیں۔ میں ایک مرتبہ پھر اس امید کا اظہار کرتا ہوں کہ آیا صوفیا جامع مسجد کو دوبارہ کھولنا ہماری قوم، امت اور پوری انسانیت کے لیے اچھے نتائج لائے گا۔”

صدر ایردوان نے مزید کہا کہ "ہمیں بحیرۂ اسود سے بھی ایک اچھی خبر ملی۔ ہم نے اپنی تاریخ کے سب سے بڑے قدرتی گیس کے ذخائر پائے جو 405 ارب مکعب میٹرز کے ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ مشرقی بحیرۂ روم میں ڈرلنگ کے جاری کام سے بھی اچھی خبر ملے گی۔ لیبیا اور نگورنو-قاراباخ میں جو کامیابیاں ہم نے حاصل کیں وہ بھی 2020ء میں خوش آئند تھیں۔ ہمیں اپنے لیبیائی بھائیوں اور بہنوں سے جو سپورٹ ملی اس سے لیبیا میں سامراج کی امیدوں پر پانی پھر گیا۔ ہم نے طرابلس کو باغیوں کے ہاتھ چڑھنے سے بچا کر وہاں سیاسی حل کا راستہ ہموار کیا۔”

"ہم ہر قدم پر آذربائیجانی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ہیں”

صدر ایردوان نے کہا کہ "الحمد للہ ہماری مادّی اور اخلاقی مدد کی بدولت نگورنو-قاراباخ اور آذربائیجان کی سرزمین 30 سال بعد قبضے سے آزاد ہوئی۔ ہم قاراباخ میں ہونے والی پیشرفت پر نظریں جمائے ہوئے ہیں اور ہمارے آذربائیجانی بھائی اور بہن جو قدم اٹھائیں گے، اس پر ان کے ساتھ ہیں۔ میں ایک مرتبہ پھر ان لیبیائی اور آذربائیجانی شہداء کو یاد کروں گا کہ جنہوں نے اپنے ملک، سرزمین اور آزادی کے لیے اپنی جانیں دیں۔ مجھے امید ہے کہ نگورنو-قاراباخ کی فتح ہمارے ملک، ترک دنیا اور تمام آذربائیجانی ترکوں کے لیے زبردست نتائج پیش کرے گی۔”

تبصرے
Loading...
%d bloggers like this: