ہم نئی سرمایہ کاریوں کے ساتھ اپنے تعلیمی ڈھانچے کو مضبوط تر کر رہے ہیں، صدر ایردوان
ووکیشنل ٹریننگ پروجیکٹ میں 1000 اسکولوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ "ہماری حکومت تعلیم کا سلسلہ مستقل جاری رکھنے کے عمل کو یقینی بنانے کے لیے کام کر رہی ہے جبکہ ہم نئی سرمایہ کاریوں کے ساتھ اپنے تعلیمی ڈھانچے کو مضبوط تر بھی کر رہے ہیں۔”
صدر رجب طیب ایردوان نے انقرہ میں باش تپہ نیشنز کنونشن اینڈ کلچر سینٹر میں ووکیشنل ٹریننگ میں 1000-اسکول پروجیکٹ اور 50 آر اینڈ ڈی سینٹرز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کیا۔
اس امر کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ تعلیمی سال 2021-2022ء کی افتتاحی تقریب کے بعد بالمشافہ تعلیم پری اسکول سے لے کر جامعات تک ہر سطح پر شروع ہو چکی ہے، صدر ایردوان نے کہا کہ "صرف 5 ہفتے ہوئے ہیں اور شکر ہے کہ ہماری تعلیمی سرگرمیاں بغیر کسی سنجیدہ مسئلے کے کامیابی کے ساتھ جاری ہیں۔”
"ہم تعلیم کے سلسلے کو بلا تعطل جاری رکھنے کے لیے کام کر رہے ہیں”
وزارت قومی تعلیم اور وزارت صحت تعلیم کے عمل کو رواں رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھا رہے ہیں، اس پر زور دیتے ہوئے صدر ایردوان نے کہا کہ "ہماری حکومت تعلیم کا سلسلہ مستقل جاری رکھنے کے عمل کو یقینی بنانے کے لیے کام کر رہی ہے جبکہ ہم نئی سرمایہ کاریوں کے ساتھ اپنے تعلیمی ڈھانچے کو مضبوط تر بھی کر رہے ہیں۔”
صدر ایردوان نے کہا کہ "ہم یہاں ‘ووکیشنل ٹریننگ پروجیکٹ’ میں 100 اسکولوں کے لیے جمع ہوئے ہیں کہ جنہیں گزشتہ سال میں مکمل کیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے ذریعے، جو ووکیشنل ٹریننگ کو مضبوط کرنے کے لیے شروع کیا گیا تھا، ہم نے طے شدہ اسکولوں میں ایک سال کے دوران 1 ارب ترک لیرا کی سرمایہ کاری کی۔ اس منصوبے کے تحت ہم نے ایک ہزار اسکولوں میں ایک ہزار کتب خانے بنائے اور ساتھ ہی 10 ہزار اسمارٹ بورڈ اور ہزار فزکس-کیمسٹری-بایولوجی لیبارٹریز بنائیں۔ اس کے علاوہ ہم نے ووکیشنل لیبارٹریز اور ورکشاپس کو بھی بہتر بنایا ہے۔ اسکولوں میں پیداوار کو بہتر بنانے کے لیے ہم نے 544 نئی لیبارٹریز اور ورکشاپس بنائیں اور 282 ورکشاپس کو اپگریڈ کیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت ہم نے ایک ہزار ووکیشنل اسکولوں کی تعمیر نو اور تزئین و آرائش کی ہے اور کمی کو پورا کیا ہے۔ آج ہم ‘ووکیشنل ٹریننگ پروجیکٹ میں 1000 اسکولوں’ کے ساتھ ساتھ 24 صوبوں میں ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل اسکولوں میں 50 آر اینڈ ڈی مراکز کا بھی افتتاح کر رہے ہیں۔”