ترکی بھرپور اعتماد اور ثابت قدمی سے اپنے اہداف کی جانب بڑھے گا، صدر ایردوان
عید الاضحیٰ کے موقع پر صدر ایردوان کا پیغام
صدر رجب طیب ایردوان نے عید الاضحیٰ کے موقع پر عوام کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ ہم خطے اور دنیا میں ترکی کی بڑھتی ہوئی طاقت کے ساتھ پورے اعتماد، دل جمعی، ثابت قدمی اور امید سے اپنے اہداف کی جانب سفر جاری رکھیں گے۔ اپنی ہر نئی خدمت، ہر نئے کام، ہر نئے منصوبے اور ہر نئی سرمایہ کاری کے ساتھ ہم ایک عظیم تر اور مضبوط تر ترکی کی تعمیر کی جانب ایک قدم بڑھا رہے ہیں۔
صدر رجب طیب ایردوان نے عید الاضحیٰ کے موقع پر اپنا پیغام جاری کیا ہے:
"میں عید الاضحیٰ پر آپ کو تہہِ دل سے مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ ہم ربِ کریم کے شکر گزار ہیں جس نے ہمیں ایک اور عید منانے کا موقع دیا۔ ہم امید کرتے ہیں یہ ایام ملک، قوم، اسلامی دنیا اور پوری انسانیت کے لیے نیک شگون ثابت ہوں گے۔”
"ہمارے تمام اداروں نے عید کے پر امن انعقاد کے لیے ضروری احتیاطی اقدامات اٹھائے ہیں”
گزشتہ سال ہم نے عید الاضحیٰ کرونا وائرس کی وجہ سے غم کی حالت میں منائی تھی۔ لیکن اس سال ہم نے وبا پر بڑی حد تک قابو پا لیا ہے اور زندگی کو معمول پر لانے کے لیے اقدامات اٹھائے ہیں، اس لیے ہم عید نسبتاً بہتر حالات میں منائیں گے۔ ہمارے تمام اداروں نے عید کے پر امن انعقاد کے لیے ضروری احتیاطی اقدامات اٹھائے ہیں۔ البتہ ہمیں غم ہے کہ ہم حج کا فرض ادا نہیں کر پا رہے ہیں جو عید الاضحیٰ کا جزوِ لا ینفک ہے۔
"امید ہے کہ ہماری مقامی ویکسین رواں سال کے اختتام تک تیار ہوگی”
الحمد للہ عالمی اوسط کے مقابلے میں ہم اس وقت ویکسینیشن کے لحاظ سے مناسب مقام پر ہیں۔ اور ہمیں ویکسین کی رسد میں کسی مسئلے کا سامنا نہیں۔ ہمیں امید ہے کہ ہماری مقامی ویکسین سال کے اختتام تک تیار ہوگی۔ میں ملک کے تمام شہریوں سے ویکسین لگوانے کا مطالبہ کرتا ہے کہ جو 18 سال سے زیادہ عمر کے ہر فرد کے لیے دستیاب ہے۔ صرف ویکسین کے ذریعے ترکی خود کو دیگر ممالک سے ممتاز کر سکتا ہے اور معیشت، معاشرت اور بین الاقوامی تعلقات سمیت ہر معاملے میں مضبوط ہو سکتا ہے۔ ہمارے لیے ہر شہری کی زندگی اہم ہے۔