ہم 2053ء اور 2071ء کے لیے ابھی سے ترکی کی تعمیر کا آغاز کر چکے ہیں، صدر ایردوان

0 174

شمالی مرمرہ ہائی وے کے غبزہ-ازمِت سیکشن کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا کہ 2053ء اور 2071ء کے لیے ترکی کی تعمیر کی تیاریاں ابھی سے شروع ہو چکی ہیں۔ "ہم نے محض الفاظ، تقاریر یا باتوں میں نہیں، بلکہ اس کے لیے عملی اقدامات اٹھائے ہیں۔ ترکی کو ایک علاقائی اور عالمی طاقت بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہر قدم اس وژن کا سنگِ بنیاد ہے۔”

"ترکی کو ایک عالمی طاقت بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہر قدم اس وژن کا سنگِ بنیاد ہے”

اس امر پر زور دیتے ہوئے کہ ترک تاریخ کے اہم ترین سالوں، 2053ء اور 2071ء کی تیاریاں ابھی سے شروع ہو چکی ہیں، صدر ایردوان نے کہا کہ آنے والی نسلوں کے لیے ایسا وژن اور ملک چھوڑنا قوم کی سب سے بڑی خدمت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ "ہم نے محض الفاظ، تقاریر یا باتوں میں نہیں، بلکہ اس کے لیے عملی اقدامات اٹھائے ہیں۔ ترکی کو ایک علاقائی اور عالمی طاقت بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہر قدم اس وژن کا سنگِ بنیاد ہے۔”

صدر ایردوان نے کہا کہ "اس ضمن میں اہمیت اس بات کی ہے کہ ہم اپنی سیاسی، عسکری اور معاشی کوششوں میں کامیاب ہوں جو شام اور لیبیا سے مشرقی بحیرۂ روم اور بحیرۂ اسود تک پھیلی ہوئی ہیں۔ اس عظیم وژن کی جانب سفر کی خواہش ہمارے ملک کے معاشی و سیاسی اقدامات کی کوششوں میں پنہاں ہے۔”

"ہم نے معیشت پر وباء کے اثرات کو بڑی حد تک ختم کر دیا ہے”

Covid-19 کی وباء کے بعد ترکی کی معاشی کارکردگی کے موضوع پر صدر ایردوان نے حقیقی معیشت کو برقرار رکھنے میں اہم ترین پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور زور دیا کہ تیسری سہ ماہی میں معیشت پر وباء کے اثرات کو بڑی حد تک ختم کر دیا گیا ہے۔ صدر نے کہا کہ "معیشت کے سفر کے اہم اشاریے مثبت پیش رفت ظاہر کر رہے ہیں جو نہ صرف سال کی دوسری سہ ماہی بلکہ پچھلے سال سے بھی بہتر ہیں۔ مینوفیکچرنگ، پرچیزنگ مینیجرز انڈیکس مسلسل تین ماہ سے 50 کا ہندسہ عبور کر رہا ہے۔ 54.3 کے ساتھ اگست میں ہم نے امریکا، جرمنی، فرانس بلکہ پورے یورپی علاقے اور جنوبی کوریا کو پیچھے چھوڑ دیا۔ یہ بہت خوش آئند بات ہے کہ ہم اپریل اور مئی میں زوال کا مشاہدہ کرنے کے باوجود مینوفیکچرنگ انڈسٹری کی پیداوار میں 5.1 فیصد کا سالانہ اضافہ دیکھا ہے۔”

تبصرے
Loading...