ہم نے زبردست سرمایہ کاری سے اپنے شہروں کی کایا پلٹ دی ہے، صدر ایردوان
انقرہ میں ایک مشاورتی اجلاس کے دوران میئرز سے خطاب کرتے ہوئے صدر ایردوان نے کہا کہ "ہم نے گزشتہ 19 سالوں کے دوران زبردست سرمایہ کاری کے ذریعے اپنے شہروں کی بھرپور تائید کی ہے، انہیں تقویت دی ہے اور ان کی کایا پلٹ دی ہے، کیونکہ ہم انہیں تہذیب کے اہم ترین ستون سمجھتے ہیں۔”
صدر رجب طیب ایردوان نے انقرہ میں ایک مشاورتی اجلاس کے دوران ملک بھر سے آئے ہوئے میئرز سے ملاقات کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر ایردوان نے بلدیاتی خدمات اور مقامی انتظامیہ کو اہمیت پر زور دیا۔
موسمیاتی تبدیلی سے انسانیت کو درپیش خطرات سے بخوبی آگاہ رہتے ہوئے ترکی نے اپنے وژن 2053ء میں ماحول دوست ترقیاتی انقلاب (گرین ڈیولپمنٹ ریوولیشن) کو بنیادی اہمیت دی ہے، اس پر زور دیتے ہوئے صدر ایردوان نے کہا کہ "صاف توانائی سے لے کر فضلے کو ٹھکانے لگانے اور جنگلات میں بہتری تک کئی موضوعات ایسے ہیں جو اس انقلاب کے دائرۂ کار میں آئیں گے۔ میں ان معاملات پر توجہ دینے، بلا تاخیر ضروری تیاریاں کرنے اور ماحول دوست ترقیاتی انقلاب کی تائید کرنے کی دعوت دیتا ہوں۔”
ماحول دوست شہر کاری اور آب و ہوا کے بارے میں حکومت کی فیصلہ سازی اور وژن کو سامنے لاتے ہوئے صدر ایردوان نے کہا کہ اس ضمن میں ہم نے گزشتہ 19 سالوں کے دوران زبردست سرمایہ کاری کے ذریعے اپنے شہروں کی بھرپور تائید کی ہے، انہیں تقویت دی ہے اور ان کی کایا پلٹ دی ہے، کیونکہ ہم انہیں تہذیب کے اہم ترین ستون سمجھتے ہیں۔ جب سے ہم نے 2018ء میں حکومت کا نیا نظام تشکیل دیا ہے، صرف ماحول اور شہرکاری کے شعبے میں ہی 300 ارب لیرا کی سرمایہ کاری سے 12,700 منصوبے لاگو کیے ہیں۔ تمام صوبوں اور اضلاع کا احاطہ کرنے والے یہ منصوبے ہمیں زیادہ اعتماد کے ساتھ مستقبل کی طرف نظر دوڑانے کی سہولت دیتے ہیں۔”