ہم سیاسی، معاشی، تجارتی اور عسکری شعبوں میں ٹوگو کے ساتھ تعاون بڑھانا چاہتے ہیں، صدر ایردوان
ٹوگو کے صدر ناسنگبے کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں صدر ایردوان نے کہا کہ "آج اپنی باہمی اور وفود کے درمیان ملاقات کے دوران جناب صدر اور میں نے بات چیت کی کہ ہم اپنے تعلقات کو کس طرح بڑھا سکتے ہیں۔ بیشتر معاملات پر ہم یکساں نقطہ نظر رکھتے ہیں۔ ہم سیاسی، معاشی، تجارتی اور عسکری شعبوں میں ٹوگو کے ساتھ تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔”
صدر رجب طیب ایردوان نے ٹوگو کے صدر فارے ناسنگبے کے ساتھ ملاقات کے بعد ایک مشترکہ پریس کانفرنس کی۔
دورۂ افریقہ کے دوسرے مرحلے میں ٹوگو میں موجودگی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے صدر ایردوان نے کہا کہ "میں ترکی سے دوست ملک ٹوگو کا پہلا صدارتی دورہ کرنے پر خوش ہوں۔ ہم نے 2014ء میں اپنے دوست ناسنگبے کی انقرہ میں میزبانی کی تھی۔ حال ہی میں اعلیٰ سطحی دو طرفہ دوروں نے ہمارے تعلقات میں زبردست تحریک پیدا کی ہے۔”
اس دورے پر طے پانے والے مختلف معاہدوں پر بات کرتے ہوئے صدر ایردوان نے کہا کہ "آج اپنی باہمی اور وفود کے درمیان ملاقات کے دوران جناب صدر اور میں نے بات چیت کی کہ ہم اپنے تعلقات کو کس طرح بڑھا سکتے ہیں۔ بیشتر معاملات پر ہم یکساں نقطہ نظر رکھتے ہیں۔ ہم سیاسی، معاشی، تجارتی اور عسکری شعبوں میں ٹوگو کے ساتھ تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔”
"فیٹو کے خلاف جنگ میں ٹوگو کی مدد قابلِ ستائش ہے”
یہ بتاتے ہوئے کہ انہوں نے علاقائی معاملات پر صدر ناسنگبے کے ساتھ تبادلہ خیال کیا ہے، صدر ایردوان نے کہا کہ "ترکی ٹوگو کی متحرک خارجہ پالیسی کو سراہتا ہے کہ جو اس نے خطے اور افریقہ میں تنازعات کے پر امن حل کے لیے اختیار کی ہے۔ ہم نے یکم اپریل 2021ء کو لوم میں اپنے سفارت خانے کا افتتاح کیا۔ ان شاء اللہ ٹوگو رواں سال کے اختتام تک انقرہ میں اپنا سفارت خانہ کھولے گا۔”
فیٹو دہشت گرد تنظیم کے خلاف ترکی کی جنگ میں ٹوگو کی مدد کو سراہتے ہوئے صدر ایردوان نے کہا کہ "ذاتی طور پرہدایات دینے کے ذریعے جناب صدر نے ٹوگو میں فیٹو اسکول بند کروانے اور معارف فاؤنڈیشن کی جانب سے ایک اسکول کھولنے میں ہمارے ملک کی تائید کی ہے۔ میں فیٹو کے خلاف ہماری جدوجہد میں اس طرز عمل پر ان کا شکر گزار ہوں۔ ترکیہ معارف فاؤنڈیشن کے دو اسکول لوم میں کام شروع کر چکے ہیں۔ اعلیٰ معیار کی تعلیم کے ساتھ ترکیہ معارف فاؤنڈیشن ٹوگو کے تعلیمی نظام اور یہاں کے طلبہ کو آگے بڑھانے میں نمایاں حصہ ڈالے گی۔”
"ہم ترقی میں تعاون برقرار رکھنے کا عزم رکھتے ہیں”
دو طرفہ معاشی تعلقات بہتر ہو رہے ہیں گو کہ اب بھی بہتری کی بہت گنجائش ہے، لیکن صدر نے کہا کہ "2020ء میں ہمارا تجارتی حجم 148 ملین ڈالرز تک پہنچا۔ 2018-2022ء قومی ترقیاتی پلان کے دائرے میں رہتے ہوئے ترک ادارے ٹوگو میں نمایاں سرمایہ کاری کے لیے تیار ہیں مثلاً سیاحت، زراعت، توانائی اور تعمیرات کے شعبے میں< ہم ترقی میں تعاون برقرار رکھنے کا عزم رکھتے ہیں۔ ٹوگو میں ترکش کوآپریشن اینڈ کوآرڈی نیشن ایجنسی نے صحت عامہ اور تعلیم کے شعبے متعدد منصوبے 2012ء میں شروع کیے تھے۔ اسی طرح 89 طلبہ اب تک ترکیہ اسکالرشپس کا فائدہ اٹھا چکے ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ یہ تعداد مزید بڑھے گی۔" صدر ایردوان نے کہا کہ "ہم کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں بھی اظہارِ یکجہتی کرتے ہیں۔ ترکی اور ترکش کونسل ٹوگو، برکینا فاسو اور لائبیریا کو مستقبلِ قریب میں ویکسینز کا عطیہ دیں گے۔ آذربائیجان اورہنگری کے ساتھ مل کر ہم آپ تک ویکسینز پہنچائیں گے۔ میں اپنی اور اپنے وفد کی بہترین میزبانی کرنے پر اپنے عزیز دوست اور ٹوگو کے عوام کا شکر گزار ہوں۔"