ہم ترکی کو مزید مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ بنائیں گے، صدر ایردوان

0 207

عید الفطر پر اپنے پیغام میں صدر ایردوان نے کہا کہ "ہم عالمی وباء کے بعد سیاسی و معاشی طور پر دوبارہ تعمیر ہونے والی دنیا میں ترکی کو، ان شاء اللہ، مزید مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ بنائیں گے۔”

صدر رجب طیب ایردوان نے عید الفطر کے موقع پر ایک پیغام میں تمام شہریوں کو عید کی مبارک باد دی ہے۔

پیغام میں کہا گیا ہے کہ "ہم سب کی خواہش ہوگی کہ ہم گزشتہ عیدوں کی طرح اس بار بھی عید اپنے پیاروں کے ساتھ گزاریں۔ لیکن کروناوائرس کی عالمگیر وباء کی وجہ سے کہ جس نے ہماری طرح پوری دنیا کو جکڑا ہوا ہے، ہمیں عیدیں اپنے گھروں میں گزارنا پڑیں گی۔ ہمیں، انسانیت کے بندھن میں موجود سب لوگوں کو، مل جل کر اس مشکل وقت سے گزرنا پڑ رہا ہے۔ اللہ کا شکر ہے کہ ہمارا ملک بحیثیت ریاست و قوم، اس امتحان میں اچھی طرح پورا اتر رہا ہے۔”

"احتیاط کریں تو اس مشکل وقت سے گزر جائیں گے”

وباء کے مقابلے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات معیشت سے لے کر سماجی زندگی تک مختلف شعبوں پر جس طرح اثر انداز ہوئے ہیں، ان پر زور دیتے ہوئے صدر ایردوان نے کہا کہ "گو کہ ہمیں مارچ اور اپریل میں مشکلات کا سامنا رہا، لیکن دوسرے ممالک کے ساتھ ہم نے مئی میں حالات کو معمول پر لانے کے لیے مرحلہ وار اقدامات اٹھانے شروع کیے۔ اگر ہم سب احتیاط کریں، قواعد کے مطابق چلیں اور ماسک پہننے، سماجی فاصلہ برقرار رکھنے اور صفائی ستھرائی رکھنے کے حوالے سے حساسیت کا مظاہرہ کریں تو بلاشبہ ہم کامیاب ٹھہریں گے۔”

وباء کے دوران زیادہ تر ممالک نے اپنے بل بوتے اور محدود وسائل پر گرفت مضبوط کی، یہ کہتے ہوئے صدر ایردوان نے کہا کہ "بحیثیت ترکی، ہم نے نہ صرف اپنی ضروریات پوری کیں، بلکہ کئی دوست اور برادر ممالک کی بھی مدد کی۔ ہم نے بحیثیت قوم ایک ایسی دنیا میں اپنی انسانیت کا مظاہرہ کیا کہ جس میں عالمی اتحاد کی باتیں تو بارہا کی جاتی ہیں لیکن عملی طور پر کچھ نظر نہیں آیا۔ میں اپنی قوم کی جانب سے سرکاری و نجی شعبے کو ان تمام کارکنوں کا شکریہ ادا کرتا ہے، خاص طور پر اور سب سے پہلے ہیلتھ کیئر کے شعبے سے وابستہ افراد کا، کہ جنہوں نے اس وباء کے دوران اپنے فرائض بخوبی انجام دیے۔”

"ہم نے عوام کے لیے تمام سرکاری وسائل کا بھرپور استعمال کیا”

اٹھائے گئے اقدامات کی وجہ سے شہریوں کو غلط علاج، مشکل، محرومی یا غربت سے بچانے کے لیے تمام سرکاری وسائل بروئے کار لانے پر زور دیتے ہوئے صدر ایردوان نے کہا کہ "ہم نے سوشل پروٹیکشن شیلڈ پروگرامز کے ذریعے اپنے ضرورت مند شہریوں اور کارکنوں کی مدد کی کہ جو روزگار کھونے کی وجہ سے مشکلات میں گھر گئے تھے۔ اس ضمن میں ‘عوام کو زندگی دیں تاکہ ریاست زندہ رہے’ کے نظریے کو سمجھتے ہوئے ہم نے تقریباً 12 ارب لیرا مالیت کے فنڈ تقریباً ایک کروڑ شہریوں کو دیے۔ وباء کے دوران ہم نے تمام ریاستی ذرائع، جیسا کہ ٹیکس، پریمیم اور اقساط کو مؤخر کرنے کے ساتھ ساتھ عوام کو مالیاتی سہولیات بھی دیں۔”

صدر ایردوان نے کہا کہ "ہم ہمیشہ کی طرح مشکل حالات میں عوام کی خدمت اور ان کی ممکنہ حد تک بہترین خدمت سے وابستہ ہیں۔ ہم عالمی وباء کے بعد سیاسی و معاشی طور پر دوبارہ تعمیر ہونے والی دنیا میں ترکی کو، ان شاء اللہ، مزید مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ بنائیں گے۔ میرا ماننا ہے کہ آپ کمیونی کیشن ذرائع سے اپنے عزیزوں سے رابطہ کریں گے اور عید کے اس خوبصورت دن پر خوشی و مسرّت بانٹیں گے، اس دوران ہم امید اور اعتماد کی ساتھ مستقبل کی جانب دیکھیں گے۔ میں اللہ سے دعا کرتا ہوں کہ اگلا رمضان صحت اور امن کے ساتھ آئے۔ میں ایک مرتبہ پھر آپ کو عید الفطر کی مبارک باد دیتا ہوں۔”

تبصرے
Loading...