باہمی مفادات کی بنیاد پر افریقہ کے ساتھ معاشی تعلقات کو بہتر بنائیں گے، صدر ایردوان

0 257

گیمبیا کے صدر بارو ایڈما بارو کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں صدر رجب طیب ایردوان نے کہا: "ہم باہمی مفادات کی بنیاد پر افریقہ کے ساتھ معاشی تعلقات کو بہتر بنائیں گے۔”

صدر رجب طیب ایردوان اور گیمبیا کے صدر ایڈما بارو نے روبرو ملاقات اور وفود کے مابین اجلاس کے بعد ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔

"گیمبیا FETO کی سرگرمیاں روکنے والا پہلا ملک ہے”

مذاکرات کے دوران باہمی تعلقات پر بات کرتے ہوئے صدر ایردوان نے زور دیا کہ گیمبیا وہ پہلا ملک ہے کہ جس نے تعلیمی اداروں کے بھیس میں فتح اللہ دہشت گرد تنظیم (FETO) کی سرگرمیوں کو روکا: "گیمبیا کا یہ قدم FETO کے خلاف جنگ میں دیگر افریقی ممالک کے لیے ایک مثال ہے اور ہم گیمبیا کے بچوں کو مزید نقصان نہیں پہنچانے دیں گے۔ دارالحکومت بانجول میں ترکیہ معارف فاؤنڈیشن کے اسکول کامیابی سے کام کر رہے ہیں۔ میرا ماننا ہے کہ فاؤنڈیشن نئی عمارت میں قابل طلبہ کو مزید آگے لے جائے گی کہ جس کا افتتاح آج کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ہم ترکیہ اسکالرشپس کے ساتھ اپنے ملک میں 170 گیمبیائی طالب علموں کو یونیورسٹی تعلیم فراہم کر چکے ہیں۔”

"ہمارے سرمایہ کاروں کی توجہ ایسے منصوبوں پر ہے جو افریقہ کی ترقی میں کردار ادا کریں”

افریقہ کے ساتھ ترکی کے معاشی تعلقات کے موضوع پر بات کرتے ہوئے صدر ایردوان نے کہا کہ ہم افریقہ کے ساتھ اپنے معاشی تعلقات کو باہمی مفادات کی بنیاد پر بہتر بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ اشیاء کی فروخت سے کہیں آگے بڑھتے ہوئے ہمارے سرمایہ کاروں کی توجہ ایسے منصوبوں پر ہے جو روزگار کے مواقع پیدا کریں اور افریقہ کی ترقی و استحکام میں اپنا کردار ادا کریں۔ ترک کمپنیوں کی سرمایہ کاری کو گیمبیا میں بطور مثال دیکھا جائے گا، خاص طور پر سیاحت، زراعت، توانائی، تعمیرات، دفاع اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں۔ گیمبیا کے لیے بہترین حوالہ وہ بڑے منصوبے ہیں جو ہماری کمپنیوں نے پڑوسی ممالک میں کامیابی کے ساتھ مکمل کیے ہیں۔ میرا ماننا ہے کہ گیمبیا کی حکومت ہمارے کانٹریکٹرز کو ‘نئےگیمبیا’ کے وژن میں مزید ذمہ داریاں قبول کرنے کی اجازت دے گی۔

"ہمیں امید ہے کہ لیبیا میں جلد از جلد امن بحال ہوگا”

صدر ایردوان نے لیبیا کی صورت حال سے ایک سوال کے جواب میں برلن میں ہونے والے لیبیا اجلاس کی جانب توجہ دلائی اور کہا کہ گو کہ وہاں ایک معاہدہ ہو چکا ہے لیکن جنرل خلیفہ حفتر کے دستے حملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ فیاض السراج، چیئرمین صدارتی کونسل گورنمنٹ آف نیشنل ایکرڈ لیبیا، اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل سے تسلیم شدہ ہیں، یہ بتاتے ہوئے صدر ایردوان نے اس امید کا اظہارکیا کہ لیبیا میں جلد امن بحال ہوگا۔

مشترکہ پریس کانفرنس کے بعد صدر اور خاتونِ اول نے گیمبیا کے صدر کی جانب سے دیے گئے عشائیے میں شرکت کی۔

تبصرے
Loading...