ترکوں نے 2019ء میں گوگل پر کیا سرچ کِیا؟

0 345

سال ‏2019ء‎ میں گوگل پر سب سے زیادہ کیا سرچ کیا گیا؟ اس حوالے گوگل کی رپورٹ کے مطابق ترکوں نے اِس سال سب سے زیادہ استنبول میئر کے فاتح کو جاننے کے لیے گوگل کا رُخ کیا۔ ترکی کے سب سے بڑے شہر میں 31 مارچ کو ہونے والے انتخابات میں بے ضابطگیاں پائی گئی تھیں جس کے بعد ان کا دوبارہ انعقاد ہوا تھا اور اس میں حزبِ اختلاف کے اکرم امام اوغلو کامیاب قرار پائے تھے۔

سال 2019ء میں ترکی میں سب سے زیادہ گوگل سرچ ہونے والے جملوں کو دیکھا جائے تو ہمیں مقامی اُمور اور سیاست کے پہلو سب سے زیادہ نمایاں نظر آتے ہیں اور درحقیقت یہ اِس سال کی صحیح عکاسی بھی ہے کہ جس میں ملک کے سب سے بڑے شہر میں میئر کے لیے دوبدو مقابلہ بھی ہوا اور قتل کی کچھ کارروائیوں نے بھی ملک کو ہلا کر رکھ دیا۔

عام زمرے میں دیکھیں تو ترکی میں سب سے زیادہ یہ 10 جملے سرچ کیے گئے: استنبول انتخابات کے نتائج 2019ء، قومی شجرکاری مہم (Geleceğe Nefes)، ترکی کی سپریم الیکشن کونسل YSK، استنبول میں 5.8 کی شدت سے آنے والے زلزلے کے بعد زلزلے کا لفظ بھی بہت سرچ کیا گیا۔ اس کے علاوہ سگریٹ کی قیمتیں اور ڈالر کی شرحِ تبادلہ جاننے کے لیے بھی گوگل کا بہت زیادہ رُخ کیا گیا۔ اس کے علاوہ فوجی بھرتی، ترک قومی ترانے "استقلال مارشی” کے 10 بند اور نوٹرڈے ڈیم گرجے کو بھی سرچ کیا گیا۔

2019ء مین سرچ کی گئی شخصیات میں امینہ بلوط سب سے نمایاں رہیں کہ جنہیں اُن کے شوہر نے 10 سالہ بیٹی کے سامنے بے رحمی سے قتل کر دیا تھا۔ اس واقعے نے ترکی کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔ اُن کے بعد اکرم امام اوغلو دوسرے نمبر پر رہے کہ جنہوں نے استنبول شہر کے میئر کے لیے ہونے والے انتخابات میں برسرِ اقتدار جماعت کے حمایت یافتہ بن علی یلدرم کو شکست دی تھی۔ ملک بھر کو غم میں مبتلا کرنے والی چند اموات بھی اس سرچ میں نمایاں رہیں کہ جن میں کینسر کے خلاف اپنی جدوجہد کے ذریعے مثبت سوچ کو پروان چڑھانے والی نسلی جان طے ترکی میں ہونے والی گوگل سرچ میں تیسرے نمبر پر رہیں۔ اس کے علاوہ انتقال کر جانے والی معروف اداکارہ آیشن گرودا ساتویں نمبر پر رہیں۔

ریمین (یوسف آقتاش) کا گانا "دردم اولسن” اس سال موسیقی کے زمرے میں ترکی میں سب سے زیادہ سرچ کیا گیا گانا رہا۔ یہ گانا ریلیز ہونے کے بعد ایک ہی ہفتے میں 30 ملین سے زیادہ مرتبہ دیکھا گیا۔ شانیشیر کا سوسامم (میں خاموش نہیں رہ سکتا) اس کے بعد دوسرے نمبر پر رہا۔ اِس گانے میں 20 گلوکاروں نے آلودگی سے لے کر گھریلو تشدد اور جانوروں پر مظالم سے لے کر تعلیم میں عدم مساوات تک کئی موضوعات کو چھیڑا۔ اس گانے نے ریلیز کے بعد پہلے پانچ دن میں ہی 17 ملین ویوز پائے۔ ریمین کا ایک اور گانا "ایلا” بھی ٹاپ 10 میں شامل رہا جبکہ نورم ایندر کا "مکانن صاحبی” (صاحبِ مکان) سرچ کیے گئے گانوں میں پانچویں نمبر پر رہا۔

کھانے پکانے کے لیے بھی ترکی میں ہزاروں بلکہ لاکھوں لوگوں نے گوگل کا رُخ کیا جیسا کہ ‘ریوانی’ کی ترکیب جاننے کے لیے سب سے زیادہ لوگ گوگل پر آئے۔ یہ ایک نرمکیک ہے جس کی تاریخ عثمانی دور سے جا ملتی ہے۔ کھانے پینے کی چیزوں میں شاہ بلوط کا اخروٹ، لیموں کا شربت، ستلاچ (چاول کی کھیر) اور پنیر کیک بھی ترکوں میں مقبول رہے۔

یہی سال ٹیلی وژن ڈراموں کے حوالے سے بھی بہت اہم رہا اور گوگل کے مطابق ترکی میں گیمز آف تھرونز کے آخری سیزن کی تلاش گوگل سرچ میں چوتھے نمبر پر رہی۔ پہلے نمبر پر ترکی کا میڈیکل ڈرامہ "معجزہ ڈاکٹر” رہا جبکہ رومانوی ڈرامہ "ظالم استنبول” اور مزاحیہ ڈرامہ "ہر یردہ سین (ہر طرف تم) اس کے پیچھے پیچھے رہے۔

تبصرے
Loading...