ترکی علاقائی و عالمی رہنما کی حیثیت سے بھرپور پیش رفت کر رہا ہے، صدر ایردوان
آق پارٹی کے صوبائی سربراہان سے خطاب کرتے ہوئے صدر ایردوان نے کہا ہے کہ 2023ء کے لیے اپنے اہداف، 2053ء کے وژن، اپنے مضبوط انفرا اسٹرکچر اور علاقائی و عالمی رہنما کی حیثیت سے جمہوریہ ترکی پچھلی صدی کی سب سے بھرپور پیش رفت کر رہا ہے۔
صدر مملکت اور انصاف و ترقی (آق) پارٹی کے چیئرمین رجب طیب ایردوان نے پارٹی کے صوبائی سربراہان کے اجلاس سے خطاب کیا۔
"15 جولائی کی بغاوت ہماری تاریخ کی مکارانہ ترین کوششوں میں سے ایک ہے”
صدر ایردوان نے کہا کہ "اگلے ہفتے 15 جولائی کی بغاوت کو پانچ سال مکمل ہو جائیں گے۔ یہ بغاوت تو FETO کی جانب سے کی گئی تھی لیکن اس کے پسِ پردہ جال کہیں بڑا تھا۔ یہ ہماری تاریخ کی مکارانہ ترین کوشش تھیں۔ ہم اپنی قوم کی مدد سے اس کے سامنے سینہ سپر ہوئے اور اس بزدلانہ کوشش کو ناکام بنایا۔”
"ہم ایسی نئی پالیسیاں تیار کرتے رہیں گے جو ہمیں مستقبل کی طرف اعتماد سے دیکھنے کا حوصلہ دیں گی”
"ہم نے اپنی انتظامیہ اِس اصول پر کھڑی کی ہے کہ ‘لوگوں کو جینے دیا جائے تاکہ ریاست جی سکے۔’ اس لیے ہمیں شہریوں کے امن، تحفظ اور ترقی کو یقینی بنانا ہوگا۔ اس کے لیے ہمیں وبا کی عالمی صورت حال، معاشی ترقی اور دیگر معاملات کو مدنظر رکھتے ہوئے آئندہ اپنی قوم کے لیے اضافی اقدامات اٹھانے ہوں گے۔ ہم ہمیشہ سے سمجھتے ہیں کہ مشکل اوقات مشکل فیصلے کے متقاضی ہوتے ہیں۔ اس لیے ہم اپنے ملک کے اہداف کو برقرار رکھیں گے اور ایسی نئی پالیسیوں کا تسلسل بھی جاری رکھیں گے کہ جو ہمارے لوگوں کا مستقبل کی جانب اعتماد سے دیکھنا ممکن بنائیں۔ ہماری قوم، خاص طور پر ہمارے نوجوانوں کو اسے یقینی بنانا ہوگا۔ 2023ء کے لیے اپنے اہداف، 2053ء کے وژن، اپنے مضبوط انفرا اسٹرکچر اور علاقائی و عالمی رہنما کی حیثیت سے جمہوریہ ترکی پچھلی صدی کی سب سے بھرپور پیش رفت کر رہا ہے۔”